• news

پاکستان سپر لیگ، سیکورٹی پلان تیار،حساس مقامات پر ماہر نشانہ باز تعینات

 لاہور(نمائندہ سپورٹس) پی ایس ایل6 کے میچز کے سلسلے میں کراچی پولیس کی جانب سے جامع سکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔سکیورٹی پلان ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی زیرصدارت اجلاس میں تشکیل دیا گیا ۔ کر اچی پولیس کے 5000سے زائد اہلکار سکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے۔ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد نے کہا کہ حساس مقامات پرماہر نشانہ باز کو بھی تعینات کیا جائیگا اور سٹیڈیم کے مضافات میں امن وامان کی صورتحال کی نگرانی کیلئے نیشنل سٹیڈیم پر ایک خصوصی کمانڈ اینڈ کنٹرول بس بھی تعینات کی جائیگی۔کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جدید تربیت یافتہ اور اسلحہ سے لیس کمانڈوز پر مشتمل اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹس ٹیم کو سٹیڈیم کے اندر اور باہر تعینات کیا جائیگا۔حفاظتی انتظامات کو مزید موثر بنانے کیلئے فضائی نگرانی بھی کی جائیگی۔ شائقین کیلئے بیت المکرم مسجد کے قریب یونیورسٹی روڈ پر واقع حکیم سعیدگراؤنڈ،نیشنل کوچنگ سنٹر سے متصل چائنا گرائونڈ (صرف وی آئی پی حضرات کیلئے) میںپارکنگ پوائنٹس مختص کئے گئے ہیں جہاں ٹریک سوٹ میں ملبوس ایس ایس یو کمانڈوز اور لیڈی کمانڈوز کو ان کی رہنمائی کیلئے تعینات کیا جائیگا۔تماشائیوں کو پارکنگ پوائنٹس سے سٹیڈیم اورسٹیڈیم سے پارکنگ پوائنٹس تک خصوصی بس شٹل سروس کے ذریعے پہنچایا جائیگا۔سٹیڈیم میں داخلے سے قبل انہیں واک تھرو گیٹس اور تلاشی کے عمل سے گزرنا ہوگا۔سٹیڈیم میں داخل ہونے کیلئے شائقین کو اپنا اصل قومی شناختی کارڈ اور میچ کا ٹکٹ ہمراہ لانا ہو گا بصورت دیگر سٹیڈیم میں داخلہ ممنوع ہو گا۔کھانے پینے کی اشیا، پانی کی بوتلیں اور دیگر اشیا سٹیڈیم میں لیجانے کی اجازت نہیں ہو گی۔کرونا وائرس کے پیش نظر ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ہر تماشائی پر لازمی ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن