• news

پی ایس ایل 6 کا رنگا رنگ افتتاح: کراچی کنگز نے کوئٹہ کو ہرادیا

 لاہور‘ کراچی(حافظ عمران ‘منیر احمد بھٹی‘ قمر خان،   نمائندہ سپورٹس ‘سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپرلیگ کے چھٹے سیزن کا باقاعدہ آغاز رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوا۔ افتتاحی تقریب کا انعقاد استنبول میں ہوا جس کی ریکارڈنگ نیشنل سٹیڈیم میں بیٹھے تماشائیوں نے بڑے پردے پر دیکھی۔ افتتاحی تقریب میں گلوکار عاطف اسلم، نصیبو لال، آئمہ بیگ نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔ افتتاحی میچ میں کراچی کنگز  کے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔  چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ اس سال پی ایس ایل صرف کراچی اور لاہور میں کھیلا جا رہا ہے۔ تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کے شکرگزار ہیں۔ سکیورٹی فورسز اور حکومت کا شکر گزار ہوں۔ تمام فرنچائز اونرز کا بھی شکر گزار ہوں۔ پی ایس ایل کی کامیابی کی اصل وجہ شائقین کرکٹ ہیں۔ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے کیا گیا جبکہ آتشبازی بھی کی گئی۔ دوسرے روز آج  دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔ میچ مقامی وقت کے مطابق دن 2 بجے شروع ہوگا۔ دوسرا میچ اسلام آباد یونائٹیڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ میچ مقامی وقت کے مطابق رات سات بجے شروع ہو گا۔ کل پیر کو ایک میچ کھیلاجائے گا۔ لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں شام 7 بجے مد مقابل ہونگی۔ پی ایس ایل 6 میں شریک کرکٹر کے کرونا میں مبتلا ہونے کے بعد ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں شامل ایک کھلاڑی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔  بائیو سیکور ببل میں موجود تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے فوری کرونا ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے پی سی بی کی جانب سے پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور کوچ ڈیرن سیمی کو پہلے ہی بائیوسیکیور ببل کی خلاف ورزی کرنے پر 3 دن کے لیے آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔ جہاں ان کے دوبارہ سے کرونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ پشاور زلمی کو آج کپتان وہاب ریاض اور کوچ ڈیرن سیمی کی خدمات حاصل نہیں ہوگی۔ لاہور قلندرز کے خلاف میچ کیلئے پشاور زلمی قائم مقام کپتان کا اعلان کرے گا۔ پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 2021 کی ٹرافی کی تصاویر پی سی بی اور لیگ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کردی گئی ہیں۔ ٹرافی کا بغور جائزہ لیا جائے تو یہ ٹرافی لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی ٹرافی سے خاصی مماثلت رکھتی ہے۔ ٹرافی پر تمام چھ ٹیموں کے کٹ کے رنگ بھی نمایاں ہیں اور ان کے کٹ کے رنگ کی لائنیں بھی ٹرافی پر ڈالی گئی ہیں۔ عوام نے ٹرافی کو پسندیدگی کی سند سے نوازتے ہوئے اپنی من پسند ٹیم کے ٹرافی جیتنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ اس سال پی ایس ایل کے میچز کراچی اور لاہور میں کھیلے جا رہے ہیں اور کرونا وائرس کی وجہ سے کراچی میں صرف ساڑھے 7ہزار اور لاہور میں ساڑھے 5ہزار شائقین میدان میں آ سکیں گے۔ عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ اگر حالات بہتر ہوتے ہیں تو زیادہ لوگوں کو سٹیڈیم لانے کی اجازت مل سکے گی۔ غیر ملکی کھلاڑیوںکو  پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آپ اپنے ساتھ یہاں قیام کی خوشگوار یادیں واپس لے کر لوٹیں گے اور ہم اگلے سال دوبارہ آپ کو خوش آمدید کہنے کے منتظر ہوں گے۔  پاکستان سپر لیگ کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد اورنگزیب نے  کہا کہ ہر گزرتے سال کے بہترین ٹورنامنٹ کے انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاکستان کے صف اول کے پاپ سٹار عاطف اسلم نے اپنے مشہور گانوں پر سروں کا جادو جگا کر ٹی وی اسکرین پر بیٹھے شائقین کے لطف کو دوبالا کردیا۔ تقریب کی خاص بات بہترین گرافکس اور سپیشل افیکٹس تھے جنہوں نے مداحوں پر سحر طاری کردیا۔ عاطف اسلم کے بعد بین الاقوامی سٹار عمران خان اور حمیمہ ملک نے اپنی شاندار 'ووفر پرفارمنس' سے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ جوش و جذبے سے بھرپور اس پرفارمنس کے بعد نصیبو لال، آئمہ بیگ اور ینگ اسٹنرز نے 'گروو میرا' کی ولولہ انگیز پرفارمنس سے شائقین کے خون کو گرما دیا۔ تقریب کے اختتام پر کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا لیگ کے پہلے 20 میچز کراچی میں ہونگے  جبکہ ناک آئوٹ اور فائنل سمیت بقیہ 14میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ کا دوسرا سیزن ہوگا جو پوری طرح سے پاکستان میں منعقد ہوگا۔ لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی  کر رہی ہیں ان میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شامل ہیں۔ لیگ میں شامل ان 6 ٹیموں کے درمیان فائنل سمیت 34 میچز کھیلے جائیںگے۔ قبل ازیں  میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔ دفاعی چیمپئن نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا گیا 122 رنز کا ہدف 14ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔6 کے مجموعے پر ٹام بینٹن کیچ آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد 7 رنز بنانے والے سرفراز احمد بھی 17 کے مجموعے پر ایک آسان گیند پر کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔صائم ایوب کے ساتھ یونیورس باس کرس گیل نے ٹیم کو 55 کے مجموعے تک پہنچایا جہاں 8 رنز بنانے والے صائم بھی پویلین لوٹ گئے۔24 گیندوں پر 39 رنز کی اننگز کھیلنے والے کرس گیل 68 کے مجموعے پر گرنے والی کوئٹہ کی چوتھی وکٹ بنے۔اعظم خان کے 17، قیس احمد کے 16 اور بین کٹنگ کے 11 رنز کی بدولت کوئٹہ کی ٹیم 121 رنز تک پہنچ سکی کنگز کی جانب سے ارشد اقبال نے 3 اور وقاص مقصود نے 2 شکار کیے جبکہ عماد وسیم، محمد عامر، عامر یامین اور ڈینئل کرسچن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین نے 4 کے مجموعے پر ہی شرجیل خان کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔دوسری وکٹ پر جو کلارک اور بابر اعظم نے 55 رنز جوڑے، جبکہ 59 پر 46 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلنے والے جو کلارک آؤٹ ہوگئے۔ بابر اعظم نے کولن انگرام کے ہمراہ ٹیم کا اسکور 87 رنز پر پہنچایا جہاں وہ بھی محمد حسنین کا شکار بن گئے۔ کراچی کنگز کے محمد نبی نے 14 گیندوں پر 2 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 30 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کا فاتحانہ آغاز کروادیا۔بہترین بولنگ پرفارمنس پر کراچی کنگز کے ارشد اقبال کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔باؤلرز کی بہترین باؤلنگ اور بلے بازوں کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ کراچی بہتر گیم پلان اور پلینگ الیون کے ساتھ میدان میں اتری۔ کوئٹہ کو شروع میں شرجیل کی وکٹ ملی تو میچ میں سنسنی پیدا ہوئی اس دوران کچھ اور اچھے بالز ہونے سے یہ امکان پیدا ہوا کہ شاید میچ میں دلچسپی پیدا ہو لیکن کوئٹہ کے فاسٹ باؤلرز مسلسل اچھی باؤلنگ کرنے میں ناکام رہے۔ وہ رائٹ ایریاز میں باؤلنگ کرنے میں ناکام رہے۔ پہلے نسیم شاہ کی دھلائی ہوئی اور پھر قیس کے پہلے اوور میں ستائیس رنز بنے تو کراچی مکمل طور پر دباؤ سے نکل آیا۔ کلارک نے گراؤنڈ میں ہر طرف شاٹس کھیل کر کوئٹہ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ کلارک کی تیئیس گیندوں پر چھیالیس رنز کی طوفانی اننگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے گیند بازوں کو بے بس کر دیا۔ اس کے بعد کوئٹہ میچ میں واپس نہیں آ سکا۔پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے پہلے میچ سے قبل ٹیموں نے نیشنل ہیرو کوہ پیما علی سدپارہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔میچ کے آغاز سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور آفیشلز میدان میں ایک ساتھ جمع ہوئے اور علی سدپارہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔کھلاڑی کھلاڑیوں اور آفیشلز نے خاموشی اختیار کی، بازو پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں ۔

ای پیپر-دی نیشن