پاک بحریہ کی روسی اور سری لنکن بحری افواج کیساتھ مشقیں جاری ترکی کے ساتھ ختم
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ +این این آئی) پاکستان اور ترکی کی سپیشل فورسزکی مشترکہ مشقیں اتاترک الیون 2021 ہفتہ کے روز تربیلا میں ختم ہو گئیں۔ یہ مشقیں تین ہفتے تک جاری رہیں جن میں پاکستان اور ترکی کی سپیشل فورسز نے حصہ لیا۔ مشقوں میں دہشتگردی کے آپریشنز، سرچ آپریشنز، آبادی والے علاقوں کو دہشتگردوں سے پاک کرنے اور مارشل آرٹس کے مظاہرے شامل تھے۔ اختتامی تقریب میں دونوں ملکوں کے پیراٹروپرز نے بھی اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ پاک فوج کے انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایولیویشن لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عدنان مہمان خصوصی تھے۔ ترکی کے ایک اعلیٰ سطحی فوجی وفد نے بھی مشقیں ملاحظہ کیں۔ مشق امن-21 کے سلسلہ میں پاک بحریہ کی روسی اور سری لنکن بحری افواج کے ساتھ مشترکہ مشقیں ہوئیں۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق دو طرفہ مشقیں شمالی بحیرہ عرب میں منعقد کی گئیں،پاک بحریہ اور روسی بحری جہازوں کے مابین مشق عریبین مون سون2021 اس سلسلے کی تیسری مشق ہے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سری لنکن بحری جہازوں کے ساتھ مشق لائن اسٹار-II منعقد کی گئی،دوطرفہ مشقوں میں پاک بحریہ اور فضائیہ کے فضائی اثاثوں نے بھی شرکت کی،مشقوں میں اینٹی سرفیس، اینٹی ائیر وارفئیر اور کثیر جہتی میری ٹائم خطرات سے نبرد آزما ہونے کی مشق کی گئی،مختلف ممالک کی بحری افواج کے ساتھ دو طرفہ مشقیں خطے میں محفوظ میری ٹائم ماحول کے فروغ اور توازن کے لئے پاک بحریہ کے عزم کا اظہار ہے۔