لاپتہ افراد کے لواحقین دھرنا ختم کردیں: وزیراعظم
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت + نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان لاپتہ افراد کے لواحقین کی ایک تین رکنی نمائندہ کمیٹی سے مارچ میں ملاقات کریں گے۔ شیریں مزاری نے اسلام آباد کے ایکسپریس چوک میں احتجاج کرنے والے لاپتا افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے انہیں وزیر اعظم کا پیغام پہنچایا، انہوں نے قانون سازی کے ذریعے لاپتا کیے جانے کے اس عمل کے خاتمے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ یہ عمل اب آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کا تین نکاتی پیغام پہنچایا ایک مظاہرین اپنا دھرنا ختم کریں، وزیراعظم مارچ میں مظاہرین کی تین رکنی نمائندہ کمیٹی سے ملاقات کریں گے، مظاہرین لاپتا افراد کی ایک فہرست حوالے کریں گے تاکہ ان کی حیثیت کا پتہ چل سکے اور اجلاس سے قبل وزیر اعظم کو آگاہ کیا جا سکے۔ اسی دن مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز اور وزیر داخلہ شیخ رشید نے لاپتا افراد کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ پر کہا کہ انسدادِ سمگلنگ اور ٹیکسوں کی پڑتال و تعمیل کے باب میں بے خوف اقدامات کے ذریعے 7 ماہ کے محصولاتی اہداف حاصل کرنے پر میں ایف بی آر کے زمینی عملے کو سراہتا ہوں۔ لازم ہے کہ وہ پوری دیانتداری اور ثابت قدمی سے اپنے فرائض کی انجام دہی جاری رکھیں۔ اسی طرح انفارمیشن ٹیکنالوجی سے آراستہ ٹرانسفارمیشن پلان اور جدید ترین ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم حاصل کرنے پر میں ایف بی آر صدر دفترکی ٹیم کو بھی شاباش دیتاہوں۔ جولائی 2021 میں پوری فعالیت کے بعد اس سے اربوں روپے کے اضافی محاصل میسر ہوں گے، جعل سازی کا خاتمہ ہوگا اور قانون کے نفاذ کی راہ ہموار ہوگی۔