ترقی روکنے کی کوشش ناکام، سازشی عناصر روتے رہیں گے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کو روکنے کی ہر کوشش ناکام رہے گی۔ پاکستان میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر بے نقاب ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں صرف خدمت کی سیاست ہی چلے گی۔ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کو 5 برس کا مینڈیٹ ملا ہے۔ حکومت مدت پوری کرے گی۔ سازشی عناصر پہلے کی طرح روتے رہیں گے۔ منفی سیاست کا جواب ہمیشہ عوامی خدمت سے دیا ہے۔ عمران کے ہوتے ہوئے انہیں این آر او کبھی نہیں ملے گا۔ پی ڈی ایم کا ایجنڈا صرف اور صرف ذاتی مفادات کا تحفظ ہے۔ عوام ترقی وخوشحالی چاہتے ہیں، افراتفری نہیں۔ 22کروڑ عوام کسی کو ترقی کے سفر میں رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ حکومتی امور میں سادگی لانے سے اخراجات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ سابق دور میں نمائشی منصوبوں کے نام پر قومی وسائل کا بے دریغ ضیاع کیا گیا۔ قومی وسائل کے غلط استعمال کی روایت کو ختم کردیا ہے۔ ہماری سمت درست اور نیت نیک ہے۔ ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں فائرنگ کے واقعہ کے باعث 2افراد کے جاں بحق ہونے پر دلی دکھ ہواہے۔ فائرنگ کرنے والے عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے جو ہر صورت نبھائیں گے۔ عثمان بزدار نے پاکستان سپر لیگ سکس کے آغاز پر مبارکباد دیتے ہوئے تمام ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار نے مادری زبان کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ زبان ناصرف جذبات کے اظہار خیال کا ذریعہ ہے بلکہ اقوام کی شناختی بھی زبان سے ہی ہوتی ہے۔ آج کے جدید دور میں مادری زبان کا فروغ اہم ضرورت ہے۔