• news

خیبر پی کے ضمنی الیکشن میں ہار تسلیم کرلی: غلام سرور خان

ٹیکسلا (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر ایوی ایشن غلام سرور خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں جتنا مرضی ہے زور لگا لیں حکومت نہ صرف اپنی آئینی مدت پوری کریگی بلکہ ملکی ترقی کے ساتھ ساتھ عوام کی خوشحالی کے لئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پسوال گاوں میں سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبہ کا افتتاح کرنے کے موقع پر سابق وائس چیئرمین وحید خان کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ممبر قومی اسمبلی منصور حیات خان، ممبر صوبائی اسمبلی عمار صدیق خان، ملک عظمت محمود اور میزبان تقریب سابق چئیرمین وحید خان نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں معاون خصوصی ماسٹر نثارخان، سردارمسعود خان، چیف آفیسر سردار فضل اکرِم خان سمیت دیگر اہل دیہہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ غلام سرور خان نے کہا کہ تین بار ملک کا وزیر اعظم اور چھ بار وزیر اعلیٰ پنجاب بننے والوں نے اپنے ادوار میں عوام کا استحصال کیا۔ بیرونی ممالک اپنی جائیدادیں بنائیں اور ملک کے غریب عوام کو خوشحالی سے دور رکھا۔ آج ان کیلئے اس سے بڑی سزا اور کیا ہوسکتی ہے کہ انہیں اپنے ملک میں رہنا نصیب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت لوگوںکے مسائل حل کررہی ہے۔ لوگ دھونس دھاندلی کی سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ اور اپنے مسائل کا حل باوقار طریقے سے چاہتے ہیں، جس کیلئے موجودہ حکومت بہتر خدمات انجام دے رہی ہے۔ خیبر پختو نخوا کے ضمنی الیکشن میں تحر یک انصاف نے ہار تسلیم کرلی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن