فرنٹیئر کور کا دورہ ‘بلوچستان میں امن کیلئے ممکنہ اقدامات کرینگے: شیخ رشید
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ہیڈ کوارٹر فرنٹئیر کور بلوچستان کا دورہ کیا اور امن و امان کے قیام کے لئے فرنٹئیر کور بلوچستان کے کردار کی تعریف کی۔ کوئٹہ سے آمدہ اطلاعات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وزیر داخلہ نے آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل محمد یوسف سے ملاقات کی۔ وزیر داخلہ کو بلوچستان میں آپریشنل تیاریوں سرحدوں کی نگرانی اور امن وامان پر تفصیلی بریفننگ دی گئی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان میں امن وامان کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا ایکشن پلان کے تمام نکات پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور امن وامان کو بہتر بنانے کے لیے بین الصوبائی رابطہ کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔