ناموس رسالت پر امت متحد ہو، انتشار پھیلانے کی کوشش ہورہی: نورالحق قادری
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ آزادی اظہار کا یہ مطلب نہیں کہ ڈیڑھ ارب مسلمانوں کا دل چھلنی کیا جائے۔ ناموس رسالت کے معاملے پر امت کو متحد ہو نا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ اسلام آباد میں خاتون جنت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں سربراہ جماعت اہل حرم مفتی گلزار نعیمی، پاکستان کے زیر انتظام کانفرنس میں تمام مسالک کے جید علما نے شرکت کی۔ پیر نور الحق قادری نے کہا کہ اللہ کی رحمت سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا کی عفت کے ساتھ چلتی ہے، آپ کا ایک لقب صابرہ ہے، ہمیں جس انتشار کی طرف لے جانے کی کوشش کی جارہی ہے اس کو اتحاد کے ساتھ ختم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن، شام، بحرین، عراق سمیت کئی ممالک میں سنیت و شیعت کی بنیاد پر تباہی کی گئی۔ ہمیں مسائل کے حل کے لئے حضرت فاطمۃ الزہراؓ کی سیرت سے استفادہ کرنا ہوگا ۔