پی پی قیادت کے گیلانی کی حمایت کیلئے جنوبی پنجاب کے ارکان اسمبلی سے رابطے
رحیم یار خان(احسان الحق سے) پیپلز پارٹی کی اعلیٰ ترین قیادت کا ضلع رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے ایک ایم این اے سے ٹیلیفونک رابطہ۔سینیٹ کے آمدہ انتخابات میں پی پی پی کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی حمایت کی درخواست۔ذرائع کے مطابق پی پی پی کی قیادت نے سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی کی حمایت کیلئے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے تمام ایم این ایز سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لئے سید یوسف رضا گیلانی اور پی پی پی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود دو روز قبل خاص طور پر کراچی پہنچے ہیں جہان انہوں نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب بلاول ہاؤس میں پی پی پی کے چیئرمین آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے ایک طویل ملاقات کے دوران سینٹ کے انتخابات میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے تمام پارٹیز کے ایم این ایز سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ یوسف رضا گیلانی کی جیت کو یقینی بنایا جا سکے۔یاد رہے کہ جنوبی پنجاب کے پی ٹی آئی کے کئی ایم این ایز ماضی میں پی پی کے ساتھ رہے ہیں۔دریں اثناء پی پی پی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے ’’نوائے وقت‘‘ سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سینیٹ کے یہ انتخابات دراصل وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے مترادف ہیں کیونکہ یوسف رضا گیلانی کی جیت کے بعد عمران خان کے پاس وزیر اعظم رہنے کا اخلاقی جواز ختم ہو جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم کے علاوہ دیگر کئی پارٹیوں کے ایم این ایز بھی سینٹ کے ان انتخابات میں یوسف رضا گیلانی کی حمایت کر رہے ہیں جس سے انکی جیت یقینی نظر آ رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹ کے آمدہ انتخابات پاکستانی سیاست کا ایک نیا رخ بھی متعین کریں گے جس میں نئے انتخابات کا انعقادبھی ممکن ہے۔