ٹورسٹ سفاری ٹرین سیاحت کے فروغ کیلئے اہم قدم ،صادق سنجرانی
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویزسیاحت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے، ٹورسٹ سفاری ٹرین اس ضمن میں اہم قدم ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر ریلوے سینیٹر اعظم خان سواتی کے ہمراہ گولڑہ ریلوے سٹیشن پر سفاری ٹرین کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیا۔ ٹورسٹ سفاری ٹرین ہر جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کے روز سیاحوں کو گولڑہ سٹیشن سے حسن ابدال, اٹک خورد اور اٹک سٹی و گردو نواح کے مقامات کی سیر کرائے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ٹورسٹ سفاری ٹرین حکومت کی جانب سے مقامی سیاحت کے فروغ کے لیے اہم قدم ہے ۔ وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا کہ تاریخی گولڑہ ریلوے سٹیشن سے ٹرین قدیم روٹ پر چلے گی جس سے پاکستان کا ثقافتی و تاریخی ورثہ دیکھنے کو ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد اعظم خان سواتی کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔سفاری ٹرین کی بدولت تاریخی و ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی ۔ سینیٹر تاج محمد آفریدی، سینیٹر سجاد حسین طوری، مرزا محمد آفریدی، اورنگ زیب اورکزئی، نصیب اللہ بازئی، دلاور خان اور دیگر سیاسی و سماجی افراد کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد گولڑہ ریلوے سٹیشن پر موجود تھی۔ چیئرمین سینیٹ ، وفد کے ارکان اور وفاقی وزیر برائے ریلوے اعظم خان سواتی نے میوزیم کا دورہ بھی کیا۔ وزیر ریلوے نے بتایا ہے کہ جلد فریٹ ٹرین بھی شروع کر رہے ہیں۔