آپریشن جاری‘ قذافی سٹیڈیم سے ملحق 8 ارب کے گراؤنڈ پر قبضہ ختم
لاہور‘ فیصل آباد (نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کے دوران گزشتہ روز بھی لاہور کی چار تحصیلوں اور فیصل آباد کے متعدد علاقوں میں قابضین سے کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کرا لی گئی۔ 5 غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں‘ پلاٹس کو سیل اور غیرقانونی تعمیرات کو گرا دیا گیا۔ لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق ضلعی انتظامیہ لاہور نے شہر میں قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاوئون کرتے ہوئے چار بڑے آپریشنز میں تحصیل رائیونڈ، تحصیل کینٹ، تحصیل ماڈل ٹاؤن اور تحصیل سٹی میں 19کنال 16مرلہ سرکاری زمین کو واگزار کرا لیا ہے۔ زمین کی کل مالیت 24 کروڑ 70 لاکھ روپے بنتی ہے۔ ڈی سی مدثر ریاض کا کہنا تھا یہ کارروائیاں موضع ڈھولنوال ملتان روڈ، شانو بابا چوک، موضع بھوبھتیاں ڈیفنس روڈ، موضع کرباٹھ اور موضع دلو خورد میں کی گئیں۔ آپریشن میں بھاری مشینری کا استعمال کیا گیا۔ سرکار کی زمین پر غیر قانونی طریقے سے تعمیر پختہ سٹرکچرز کو مسمار کر دیا گیا۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ لاہور نے قذافی سٹیڈیم میں قبضہ مافیا کے خلاف ایک اور بڑا آپریشن کیا اور سٹیڈیم سے ملحقہ ایل سی سی اے سے ملحقہ51 کنال جگہ کو مقامی کرکٹ کلب سے واگزار کروایا گیا۔ زمین کی مالیت آٹھ ارب سے زائد ہے۔ تین سال قبل ایل سی سی اے کی تحلیل کے بعد مقامی کلب نے اس پر قبضہ کیا ہوا تھا۔ گرائونڈ کو واگزار کروا کر پی سی بی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ لاہور سے نمائندہ خصوصی کے مطابق لاہور پولیس نے انڈسٹریل ایریا ٹاؤن شپ میں 32 کنال کمرشل سرکاری اراضی واگذار کروائی۔ قبضہ گروپوں نے سرکاری اراضی پر خانہ بدوشوں کی جھونپڑیاں اور عارضی تجاوزات قائم کر رکھی تھیں۔ ایک اور گروپ کیخلاف اور کاروائی کے دوران صوبائی حکومت کی60 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی3 کنال 10مرلہ سرکاری اراضی واگذار کروا لی گئی۔ مہر سجاد نامی ملزم عرصہ دراز سے سرکاری زمین پر قابض تھا۔ لاہور یونیورسٹی 20 فٹ روڈ کو بھی قبضہ مافیا سے واگزار کروایا گیا۔