ضمنی الیکشن میں خون خرابہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی نا اہلی: سراج الحق
لاہور، وزیرآباد (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پہلے بل جلاتی تھی اب 22کروڑ عوام کے دل جلا رہی ہے۔ ڈھائی سالہ دور حکومت میں ملک و قوم کو ایک پل کا سکھ نصیب نہیں ہوا۔ ملک میں غذائی اجناس کے ہوتے ہوئے خیر و برکت بھی اٹھ گئی۔ آئی ایم ایف کا قرض ملک اور عوام کے لئے سب سے بڑا مرض بن چکا ہے۔ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ نے عوام کو دن میں تارے دکھا دیے ہیں۔ قوم نے سب کو آزما لیا اب جماعت اسلامی بہترین آپشن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ احیاء العلوم کی تقریب ختم بخاری سے بلامبٹ تیمرگرہ دیر پائیں میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر ضلع اعزاز الملک افکاری بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ مہنگائی کے سونامی نے لوگوں کو رونے پر مجبور کردیا ہے۔ دریں اثنا سراج الحق نے امیدوار صوبائی اسمبلی چوہدری ناصر محمود کلیر، محمد مشتاق بٹ، وقاص احمد بٹ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخابات میں خون خرابہ، دھاندلی الزامات الیکشن کمیشن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ الیکشن ریفارمز کے بغیر کوئی چارہ نہیں۔ عوام کا جمہوریت اور جمہوری اداروں پر یقین ختم ہورہا ہے۔ ملک خطرناک سیاسی تقسیم کے دور میں داخل ہوگیا ہے۔ حکومت نااہل اور اپوزیشن اتحاد اپنی ذمہ داریوں سے مکمل غافل ہے۔ سیاسی جماعتیں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔