• news

سینٹ الیکشن کا ترمیمی آرڈیننس پیش، حلیم عادل کی گرفتاری پر حکومتی ارکان کا احتجاج

اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت ہوا۔ سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی آرڈیننس 2020ء قومی اسمبلی میں پیش کر دیا گیا۔ سینٹ الیکشن آرٹیکل 88 کی شق 2 بارے انتخابات ترمیمی آرڈیننس 2021ء پیش کر دیا گیا۔ علی محمد خان  نے آرڈیننس پیش کیا۔ حلیم عادل کی گرفتاری کیخلاف حکومتی ارکان نے احتجاج کیا۔ شازیہ مری نے کہا قومی اسمبلی کا اپوزیشن لیڈر بھی گرفتار ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے حکومتی ارکان کے شور شرابے پر برہمی کا اظہار کیا۔ پیپلز پارٹی کے آغا رفیع اﷲ نے کورم کی نشاندہی کر دی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے ارکان کی گنتی کی ہدایت کر دی۔ حکومتی ارکان نے کہا کہ سندھ سے ڈاکو راج ختم کیا جائے۔ پیپلزپارٹی کی دہشتگردی ختم کی جائے۔ کورم پورا نہ ہونے پر قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 4 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔قومی اسمبلی میں پارلیمانی کمیٹی برائے چین پاکستان اقتصادی راہداری، قائمہ کمیٹی برائے ریلوے، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ، قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی، قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیاں، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی برائے سائنس و ٹیکنالوجی، اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بحری امور اور قائمہ کمیٹی برائے توانائی (بجلی ڈویژن) کی میعادی رپورٹس پیش کردی گئیں۔ قومی اسمبلی میں سپیشل ٹیکنالوجی زونز آرڈیننس 2020پیش کردیا گیا۔ میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی (ترمیمی) بل 2020 ‘ عالمی عدالت انصاف (نظرثانی و غور مکرر) آرڈیننس 2020 پر رپورٹس‘ نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ پہلی ششماہی نگرانی رپورٹ برائے جولائی تا دسمبر 2019پیش کردی گئی۔ قائمہ کمیٹی برائے توانائی (پٹرولیم ڈویژن)کی میعادی رپورٹ ایوان میں پیش کردی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن