• news

این اے 75، الیکشن کمشن کی سماعت آج، ریٹرننگ افسر طلب، نوشین افتخار کو نوٹس

اسلام آباد+ لاہور (وقائع نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ)  این اے 75 سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن کے نتائج میں تاخیر کی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی۔ ڈپٹی ریٹرننگ افسر نے رپورٹ تیار کرکے الیکشن کمشنر پنجاب کو بھیج دی جس میں بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمشنر پنجاب کو رات ڈھائی بجے نتائج نہ ملنے کی اطلاع دی گئی جس میں  360میں سے 20 پولنگ سٹیشنز کے نتائج موصول نہیں ہوئے تھے۔ دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر نے این اے 75 کے ڈی آر او اور ریٹرننگ افسر کو کل اسلام آباد طلب کرلیا جہاں چیف الیکشن کمشنر این اے 75 کے ضمنی الیکشن کے نتائج سے متعلق سماعت کریں گے۔ الیکشن کمشنر پنجاب کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسر کی تحقیقاتی رپورٹ سیل شدہ لفافے میں چیف الیکشن کمشنر کو بھجوا دی گئی ہے جب کہ فارم 45 پر ابتدائی اور ریٹرننگ افسر کو موصول نتائج کے فرق سے متعلق علم نہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمشن سماعت کرے گا۔ الیکشن کمشن نے ریٹرننگ آفیسر کو طلب کر لیا۔ الیکشن نے ن لیگی امیدوار نوشین افتخار کو نوٹس جاری کر دیا۔ ریٹرننگ آفیسر تحقیقاتی رپورٹ پر اپنا بیان دیں گے۔ الیکشن کمشن سماعت کے بعد نتیجہ جاری کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرے گا۔ الیکشن کمشن آج صبح 10 بجے سماعت کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن