اپوزیشن کی ریکوزیشن پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج طلب حمزہ شہباز کے پروڈکشن آرڈر جاری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) اپوزیشن کی ریکوزیشن پر سپیکر نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج 2 بجے طلب کرلیا۔ اپوزیشن نے ضمنی انتخابات میں الیکشن کمشن کا عملہ گم ہونے پر بحث کا مطالبہ کیا تھا۔ ریکوزیشن مسلم لیگ (ن) کے چیف وہپ خلیل طاہر سندھو نے گزشتہ روز سیکرٹری اسمبلی کو جمع کرائی تھی۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن کی وزیر آباد سے نومنتخب رکن اسمبلی طلعت شوکت حلف اٹھائیں گی۔ سپیکر نے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر بھی جاری کر دئیے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اجلاس میں شریک ہوں گے۔ پنجاب اسمبلی اجلاس کا ایجنڈا جاری‘ اجلاس میں محکمہ ہائر ایجوکیشن سے متعلق سوالات دریافت کئے جائیں گے، جبکہ مسلم لیگ ق کی خدیجہ عمر کی جانب سے دی پنجاب ایمرجنسی سروسسز ترمیمی پرائیویٹ بل 2021 ایوان میں متعارف کرایا جائے گا۔ اجلاس میں تحریک انصاف کے میاں شفیع کی جانب سے دی یونیورسٹی آف فیصل آباد 2021 ترمیمی پرائیویٹ بل بھی متعارف کرایا جائے گا۔ ایوان میں ارکان اسمبلی کی مختلف مفاد عامہ کی قراردادیں پیش کی جائیں گی۔