پاکستانی پرچم تلے ہم سب عقائدکے لوگ متحد ہیں، رحمان ملک
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)سابق وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی کے رہنماء سینٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے بھارت پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا پھیلارہا ہے پاکستان میں تمام عقائد کے لوگوں کو اپنے عقائد، درس و تدریس اور عبادت کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرسچن مذہبی رہنمائوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔جنہوں نے پیر کو سینیٹر رحمان ملک سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کی ہمشیرہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔ سینٹر رحمان ملک نے کہا تمام مذہبی عقائد سے تعلق رکھنے والے افراد کو بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے جدوجہد کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا اقلیتوں کے مذہبی رہنما بھارتی پروپیگنڈا کا بھرپور جواب دیں۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا پاکستان کے پرچم کے تلے ہم سب عقائدکے لوگ ایک اور متحد ہیں عیسائی و دیگر مذاہب کے لوگوں نے ملک کی بہتری کے لئے مثالی خدمات اور قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا مذہبی آزادیوں کے حوالے سے بھارت بدترین ملک ہے۔ بھارت میں مذہبی اقلیتوں کو روزانہ کی بنیاد پر نشانہ بنایا جارہا ہے۔سینیٹر رحمان ملک نے کہا بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے اور پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلاتا ہوں۔انہوں نے کہا ایف اے ٹی ایف جاری اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ سے ہٹانے کا اعلان کیا جائے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا بھارت نے کس اتھارٹی کے تحت کہا ہے کہ پاکستان اگلے دس سال تک ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں رہے گاانہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان بھارتی بیان کا سنجیدہ نوٹس لے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ایف اے ٹی ایف دہشت گردی کی مالی اعانت اور منی لانڈرنگ پر بھی بھارت کیخلاف کاروائی کا آغاز کرے۔انہوں نے کہا پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کے لئے بھارتی حکومت داعش کی ململ پشت پناہی کررہی ہے، سینیٹر رحمان ملک نے امریکی صدر جوئی بائیڈن سے اپیل کی کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی ان گنت قربانیوں کو تسلیم کیا جائے اور امریکی صدر ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کے خلاف اپنی شکایت واپس لیں۔اس موقع پر اقلتیی رہنمائوں نے سینٹر رحمان ملک کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کے لئے آواز اٹھائی ہے۔