حلیم عادل پر تشدد نہیں ہوا، پولیس کا رویہ انتہائی مہذب: ترجمان سندھ حکومت
کراچی (وقائع نگار) سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب اور وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ حلیم عادل شیخ ایک ایف آئی آر میں نامزد ملزم ہے۔ پولیس کا رویہ انکے ساتھ انتہائی مہذب ہے۔ جیل میں ان پر کوئی تشدد نہیں ہوا۔ گورنر صاحب کے منصب کو پولیس کو دھمکی دینا زیب نہیں دیتا۔ مشیر قانون کا کہنا تھا کہ آئی جی پولیس نے انہیں کہہ دیا کہ کسی پولیس افسر سے بھی انکوائری کرا لیں۔ وفاقی وزیر علی زیدی ٹویٹ کرتے ہیں کہ جیل میں حلیم عادل شیخ سے بات کی ہے کیا یہ خلاف قانون نہیں کہ وہ کسی قیدی سے فون پر بات کرسکتے ہیں۔ مرتضی وہاب نے مزید کہا کہ خدارا یہ ڈرامہ کرنا چھوڑیں۔ پولیس کو اپنا کام کرنے دیں۔ چالان جمع ہوگا اسکا فیصلہ عدالت کریگی۔ عدالتی معاملات میں دخل اندازی نہ کریں۔ یہ سب کیس پر اثر انداز ہونے کے لئے کیا جارہا ہے۔