پاکستان کا امن کی طرف سفر شاندار، گوتریس: وزیرستان کلئیرکرانا پاک فوج کی بڑی کامیابی: برطانوی جنرل
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + نیٹ نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی کامیاب کارکردگی متاثر کن ہے۔ پاکستان کا امن کی جانب ارتقائی سفر شاندار ہے۔ پاکستان نے اپنی سرحدیں اور عوام نے اپنے دل کھولے۔ دنیا میں بہت سے ممالک نے بارڈرز بھی بند کر رکھے ہیں۔ کھلی سرحدیں پاکستانی عوام کے کھلے دل‘ خلوص کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ افغانستان میں امن یو این مشن میں پاکستان کی امن کیلئے مثالی جدوجہد ہے۔ انتونیو گوتریس کا کہنا تھا پاکستان کی کھلی سرحدیں اور عوام کے کھلے دل خلوص کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ تمام مذاہب ہمیں امن کیلئے متحد کرتے ہیں۔ کرتار پور کوریڈور پاکستان کی طرف سے مذہبی ہم آہنگی کا پیغام ہے۔ دوسری جانب امریکی سینیٹر لنڈسے اولن گراہم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میں پاکستان آرمی اور اس خطے کے لوگوں سے بے حد متاثر ہوں۔ پاکستان آرمی اس خطے کے حالات کو بہتر بنانے کیلئے ہر دم کوشاں ہے۔ پاکستان آرمی اور خطے کے لوگوں نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔ ان کامیابیوں کو بھلایا نہیں کیا جا سکتا۔ امریکی سینیٹر شیلڈن نے بھی دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی یہ سوچا بھی نہیں تھا کہ میں ایک پرامن جنوبی وزیرستان جا سکوں گا۔ پاکستان آرمی کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔ برطانوی جنرل سر نکولس کارٹر نے اپنے بیان میں کہا میں نے پاکستان آرمی کی اس خطے میں کاوشوں اور کامیابیوں کے بارے میں بہت سنا ہے۔ وزیرستان کو دہشت گردی سے کلئیر اور ہولڈ کرنا پاکستان آرمی کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔