سینٹ الیکشن ہائی جیک کرنیوالے جمہوریت پر دھبہ: عمران
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سینٹ انتخابات ہائی جیک کرنے والے جمہوریت پر دھبہ ہیں۔ وزیراعظم سے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے رابطہ کیا اور اسمبلی کے جاری اجلاس، آئینی اور قانونی امور سمیت سینٹ انتخابات پر مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اوپن ووٹنگ سینٹ میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کا واحد راستہ ہے جبکہ ٹیلیفونک گفتگو میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر بھی بات چیت کی گئی۔ بابر اعوان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان کی جانب سے حلیم عادل کی گرفتاری پر تشویش سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو ٹیلی فون کیا اور حلیم عادل شیخ کی صحت کے حوالے سے اظہار تشویش کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں ارکان کابینہ اور پی ٹی آئی ممبران اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست کا اصل مقصد عوام کی خدمت ہے۔ بدقسمتی سے یہاں لوگوں نے سیاست کو صرف پیسہ بنانے کے لیے استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے ہر جگہ پیسہ استعمال کیا اور اب وہ نشان عبرت ہیں۔ اخلاقیات جب ختم ہو جائے تو قوم تباہی کی طرف جاتی ہے۔ ہم مستقبل اور اپنی نسلوں کی بہتری کا سوچتے ہیں۔ قدرت نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے۔ ہم اس لیے پیچھے رہ گئے کیونکہ یہاں اقتدار عوامی خدمت کی بجائے پیسہ چوری کرنے کے لیے سنبھالا گیا۔ ہم ہر نظام میں شفافیت چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی ارکان نے وزیراعظم کے ویژن کی مکمل تائید کی۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان سے پشاور میں گورنر خیبر پی کے شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمود خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں خیبر پی کے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور سیاسی امور پر گفتگو ہوئی۔ ذرائع نے بتایا کہ خاص طور پر نوشہرہ کا الیکشن زیربحث آیا۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پشاور میں اعلی سطح اجلاس ہوا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ قبائلی اضلاع کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اجلاس میںگورنر شاہ فرمان، وزیراعلی محمود خان بھی شریک ہوئے۔ ویڈیو لنک کے ذریعے وفاقی وزراء ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، اسد عمر، عمر ایوب خان، فیصل واوڈا اور معاون خصوصی تابش گوہر شریک ہوئے۔ وزیر اعظم کو صوبہ خیبر پی کے کو وفاق کی طرف سے بجلی آمدن کی مد میں ادائیگیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ قبائلی اضلاع کی ترقی کو اولین ترجیح دی جائے اور ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے غیور شہریوں نے ملک کے لیے بے دریغ قربانیاں دی ہیں۔ اسی لیے ان کے علاقوں کی ترقی ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ شفاف اور آزادانہ الیکشن کی حمایت کی ہے۔ اگرچہ ہمیں این اے 75 کے ضمنی الیکشن میں قانونی طور پر کسی پابندی کا سامنا نہیں لیکن اس کے باوجود میں اپنے امیدوار سے درخواست کروں گا کہ وہ 20 پولنگ سٹیشنز میں ری پولنگ کی درخواست کرے۔ ہم انتخابات کے عمل میں شفافیت چاہتے ہیں اور اسی لئے ہماری خواہش ہے کہ سینٹ کا الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے ہو۔ ہم نے ہمیشہ صاف اور شفاف الیکشن کے انعقاد کا مطالبہ کیا لیکن بدقسمتی سے دوسروں نے اپنے وعدوں کی پاسداری نہیں کی۔ جب ہم نے 2013ء میں صرف چار حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا تو اسے تسلیم کرنے میں دو سال کا عرصہ لگا دیا گیا۔ چونکہ ہم شفافیت چاہتے ہیں اس لئے سینٹ کے انتخابات اوپن بیلٹ چاہتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر اسد عمر نے ملاقات کی جس میں سندھ میں وفاق کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی اسمبلی میں جاری پارلیمانی امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ عوام کی امنگوں کی ترجمان ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت پارلیمنٹ کو مضبوط بنانے پر پختہ یقین رکھتی ہے۔