مزید لڑاکا طیارے لینے پر غور، اس سال ایئر ڈیفنس سسٹم حاصل کرلیں گے: ایئر چیف
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ایئر چیف مجاہد انور نے کہا ہے کہ دوران جنگ دشمن پر حاوی ہونے کیلئے فضائیہ اہم ہے۔ مودی سرکار نے 26فروری کو بھارتی فضائیہ کا سیاسی استعمال کیا۔ پاکستان کے پاس اپنی سلامتی کیلئے اقدامات اٹھانے کے سوا راستہ نہیں تھا۔ رواں سال یا 2022ء کے شروع میں جے ایف 17 بلاک تھری متعارف کرائیں گے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا دشمن کے دانت کھٹے کرنے کیلئے آپریشن ضروری تھا۔ رواں سال پاکستان نیا ایئر ڈیفنس سسٹم حاصل کر لے گا۔ پاکستان مزید لڑاکا طیارے حاصل کرنے پر غور کر رہا ہے۔ پاکستان جے ایف 17تھنڈر نائیجیریا کو برآمد کررہا ہے۔ پاک فضائیہ ملک کیلئے زرمبادلہ کما رہی ہے۔ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی رہائی پاکستانی سیاسی قیادت کی جانب سے امن کا اشارہ تھا۔ سیاسی‘ عسکری قیادت نے جوابی کارروائی اور مقاصد طے کیے تھے۔ 25 فروری کو پاک فضائیہ میراج طیاروں کی گولڈن جوبلی منائے گی۔ پاک فضائیہ نے وقت‘ ٹارگٹ‘ طیارے اور ہتھیاروں کا انتخاب کیا۔ بھارت کا جنگی جنون خطے میں طاقت کا توازن بگاڑ سکتا ہے۔ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ سے فضائیہ کی آپریشنل‘ نفسیاتی بالادستی ثابت ہوئی اور فضائیہ نے روایتی جنگ میں برتری ثابت کی۔ 2047ء تک پاک فضائیہ ’’نیکسٹ جنریشن ایئرفورس‘‘ بن چکی ہوگی۔ جدید دور میں فضائی طاقت کسی بھی جنگ کا اہم ترین جزو ہے۔ دشمن کے دانت کھٹے کرنے کیلئے فضائیہ کا اہم ترین کردار ہے۔ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ نے پاکستان کو ذمے دار ریاست کے طور پر اجاگر کیا اور پاکستان نے علاقائی سلامتی برقرار رکھی۔ وقت نے ثابت کیا کہ پلوامہ واقعہ خود ساختہ ڈرامہ تھا۔