پنڈی مندر، فیصل آباد، ٹوبہ، وہاڑی، ننکانہ میں کروڑوں کی مزید اراضی واگزار
لاہور‘ فیصل آباد‘ وہاڑی‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ ننکانہ صاحب (خصوصی نامہ نگار + علاقائی نمائندوں سے) قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن کے دوران فیصل آباد میں 13 ارب روپے مالیت کی اراضی واگزار کرا لی گئی۔ ضلع کی تمام تحصیلوں میں گزشتہ روز بھی آپریشن جاری رہا۔ راولپنڈی میں تاریخی متعدد قابضین سے لے لیا گیا۔ وہاڑی‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ ننکانہ صاحب میں بھی مزید کروڑوں روپے کی زمین واگزار کرا لی گئی۔ فیصل آباد سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ضلع میں قبضہ مافیا سے 18روز میں 13 ارب روپے مالیت کی 1370 ایکڑ 3 کنال 14 مرلے سرکاری اراضی واگزار کرائی جا چکی ہے۔ جبکہ گزشتہ روز مزید 39 کروڑ 75 لاکھ روپے کی 43 ایکڑ 6 کنال 10 مرلے اراضی پر قبضہ ختم کرایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی نے بتایا تحصیل صدر‘ سٹی جڑانوالہ تحصیل سمندری ‘ چک جھمرہ میں کارروائی کی گئی۔ننکانہ صاحب سے نما ئندہ خصوصی کے مطابق ضلع ننکانہ میں قبضہ مافیا کے خلاف جاری کریک ڈائون میں ابتک کروڑوں روپے مالیت کی 27ہزار کنال سے زائد سرکاری زرعی اراضی واگزار کروائی جا چکی ہے۔ تحصیل شاہکوٹ میں 787کنال10مرلہ جبکہ تحصیل سانگلہ ہل میں 3452 کنال 3مرلہ زرعی اراضی واگزار کروا لی گئی ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے رواں ماہ 2 ارب 18 کروڑ 92 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا 6 ہزار 385 کینال 11مرلہ رقبہ ناجائز قابضین سے واگزار کرا لیا۔ مذکورہ کریک ڈاؤن 9 تا 20 فروری کے دوران کیا گیا۔ رقبہ پر کاشتہ فصلیں بھاری مشینری کی مدد سے تلف کر کے تعمیرات مسمار کر دی گئیں۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق حکومت پنجاب کے احکامات پر قبضہ مافیا سے سرکاری اراضی واگزار کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلع کی تینوں تحصیلوں وہاڑی، بوریوالا اور میلسی میں اسسٹنٹ کمشنرز نے چک نمبر 21ڈبلیو بی میں 40لاکھ روپے مالیت کی 2ایکٹر 4کنال اور چک نمبر 95ڈبلیو بی میں 2کروڑ 30لاکھ روپے کی 92کنال زرعی اراضی واگزار کرائی۔ چک نمبر 173ڈبلیو بی میں ایک کروڑ 50لاکھ روپے مالیت کی 56ایکٹر سرکاری زرعی اراضی واگزار کرائی۔ مرضی پورہ 4کنال سرکاری رقبہ قابضین سے واگزار کرایا۔لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق راولپنڈی میں ضلعی انتظامیہ نے لال حویلی کے قریب 100سالہ قدیمی مندر قبضہ مافیا سے واگزار کروا لیا، اسسٹنٹ کمشنر سٹی رالپنڈی نے محکمہ مال کے ساتھ آپریشن کیا۔ گزشتہ کئی سالوں سے مندر کے چاروں اطراف دکانیں تعمیر کر کے کپڑے کا کروبار چل رہا تھا۔ مندر کا قبضہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے سپرد کیا جائے گا جسے بعد از مرمت اور تزئین و آرائش مقامی کے بعد ہندو برادری کے حوالے کیا جائے گا۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عامر احمد کا کہنا ہے کہ خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ اس ضمن میں وزیراعظم پاکستان کے احکامات پر مکمل عملدآمد کیاجا رہا ہے۔ ہندو رہنمائوں نے اس اقدام پر ٹرسٹ بورڈ حکام کی تعریف کی۔