شرجیل ‘ بابر کی ریکارڈ شراکت رائیگاں: اسلام آباد 5 وکٹوں سے فتحیاب
کراچی +لاہور( قمر خان +نمائندہ سپورٹس )اسلام آباد یونائٹیڈ نے کراچی کنگز کو پانچ وکٹوںبابر اعظم اور شرجیل خان کی شاندار بیٹنگ اور ریکارڈ پارٹنر شپ کی بدولت کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 197 رنز کا ہدف دیا جو اسلام آباد نے 19.1 اوورز میں 5 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔پاکستان سپرلیگ کے چھٹے میچ میں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ آمنے سامنے تھیں۔ کراچی نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد کراچی کنگز کے بابر اعظم اور شرجیل خان نے اسلام آباد کے بائولرز کی درگت بنادی۔دونوں بیٹسمینوں نے پی ایس ایل میں کسی بھی وکٹ کیلئے سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ بنادیا۔ بابر اور شرجیل نے پہلی وکٹ پر 115 گیندوں پر 176 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔اس سے قبل پی ایس ایل کی سب سے بڑی شراکت 157 رنز کراچی کنگز کے بابر اعظم اور لونگ سٹون نے بنائی تھی۔اس دوران شرجیل خان نے پی ایس ایل 6 کی پہلی سنچری اسکور کی۔ شرجیل خان نے 55 گیندوں پر8 چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی وہ 105 اور بابر 62 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد ڈینیئل کرسچئن 12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ محمد نبی 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ حسن علی اور حسین طلعت نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اسلام آباد نے جواب میں 197 رنز کا ہدف 19.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ایلکس ہیلز 46، افتخار احمد 49 اور حسین طلعت 42 رنز بناکر نمایاں رہے۔ عماد وسیم، محمد عامر، وقاص مقصود، ارشد اقبال اور محمد نبی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔الیکس ہیلز کومیچ کابہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ ایونٹ میں آج آرام کا دن ہے جبکہ کل دومیچ کھیلے جائیں گے ۔ پہلے میچ میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی ۔ میچ مقامی وقت کے مطابق دن دو بجے شروع ہوگا۔ دوسرے میچ میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مدمقابل ہونگی ۔ یہ میچ شام سات بجے شرو ع ہوگا۔