مزارات، سینما مکمل کھولنے، دفاتر میں 100 فیصد حاضری، انڈور شادی تقریبات کی اجازت
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں 1196 ٹیسٹ مثبت جبکہ 56 افراد کرونا سے انتقال کرگئے۔ مجموعی کیسز 5 لاکھ 74 ہزار 580 ہوگئی جبکہ اموات 12 ہزار 708 تک پہنچ گئیں۔ مزید ایک ہزار 964 مریض صحتیاب، تعداد 5 لاکھ 38 ہزار 207 ہوگئی، فعال کیسز کی تعداد 23 ہزار 665 ہوگئی۔ صوبے سندھ میں کرونا کے348 نئے کیسز، 14 اموات ریکارڈ کی گئیں، صوبہ پنجاب میں 543 نئے کیسز، مزید 32 مریض لقمہ اجل بنے، صوبہ خیبرپی کے میں مزید 136 متاثر، مزید 7 مریضوں کا انتقال ہوا، بلوچستان میں 11 کیسز رپورٹ، مرنے والوں کی تعداد 199 پر برقرار ہے۔ اسلام آباد میں مزید 130 کیسز، مزید ایک مریض انتقال کرگیا، آزاد کشمیر میں مزید 77 افراد متاثر، مزید 2 مریض جاں بحق، گلگت بلتستان میں 3 نئے مریض، ہلاکتیں 102 پر برقرار ہیں۔ نیو یارک ٹائمز کے مطابق کرونا وائرس ہاٹ سپاٹ ملکوں میں دم توڑ رہا ہے۔ امریکہ، برطانیہ سمیت یورپی ممالک، برازیل، لاطینی امریکہ، سائوتھ افریقہ، جرمنی، کولمبیا سمیت دنیا بھر میں کیسز اپنی انتہا سے نصف پر آگئے ہیں۔ این سی او سی کے اعلامیے کے مطابق 15 مارچ سے کورونا ایس او پیز کے ساتھ شادی کی ان ڈور تقریبات، مزارات اور سینیما کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔ تجارتی سرگرمیوں اور تفریحی پارکوں کیلئے وقت کی حد بھی ختم کردی گئی ہے جبکہ 15مارچ سے ریسٹورنٹ ہالز میں کھانے کی اجازت 10 مارچ کے جائزہ اجلاس سے مشروط ہوگی۔ ماسک، سماجی فاصلے کی پابندی اور سمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد جاری رہے گا جبکہ این سی او سی نے دفاترکے 50 فیصد لوگوں کے گھر سے کام کرنے کی پابندی بھی ختم کردی ہے۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن میں شائقین کی تعداد 20 فیصد سے 50 فیصد تک کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ پی ایس ایل پلے آف میں تماشائی سٹیڈیم کی گنجائش کے مطابق شرکت کرسکیں گے، پلے آف میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیساتھ شائقین سٹیڈیم آسکیں گے۔ این سی او سی نے رائے دی ہے کہ الیکشن کمیشن لوکل باڈیزاورکینٹ بورڈالیکشنز مئی کے آخرتک کروائے۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ 6 ہفتوں میں عالمی سطح پر کرونا کے کیسز میں کمی ہوئی۔ گزشتہ ہفتے عالمی سطح پر 24 لاکھ کیسز رپورٹ ہوئے‘ جو پچھلے ہفتے کے مقابلے میں 11 فیصد کم ہیں۔ کرونا سے اموات کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے۔ گزشتہ ہفتے عالمی سطح پر کرونا سے تقریباً 66 ہزار اموات ہوئیں جو 20 فیصد کم ہیں۔