سیاسی منافقت کا دوسرا نام پی ڈی ایم، عمران حق کی جدوجہد میں چٹان: شبلی فراز
اسلام آباد (نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا دوغلا پن ہاتھ کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور کے مترادف ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ایک طرف دھاندلی کا واویلا مچا رہی ہے تو دوسری جانب شفاف انتخابی نظام کی مخالفت میں ایڑھی چوٹی کا زور لگا رہی ہے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ سیاسی منافقت کا دوسرا نام پی ڈی ایم ہے۔ حق و سچ کی جدوجہد میں عمران خان چٹان کی طرح کھڑا ہے۔ دریں اثناء سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں سینٹ الیکشن میں شفافیت ہو انہوں نے کہا اپوزیشن سٹیٹس کو کی سیاست چاہتی ہے جبکہ عمران خان چاہتے ووٹ کا تقدس بحال ہو۔ عمران خان چاہتے سینٹ الیکشن میں شفافیت ہو۔ عمران خان چاہتے ہیں جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہوں۔ عمران خان اس فرسودہ نظام کو جڑ سے اکھاڑنا چاہتا ہے۔ اس ملک کی ترقی کے لیے ایسے پارلیمنٹرین کو لانا ہے جو ملک کے لیے کام کریں۔ امید ہے فیصلہ حق پر آئے گا۔ اپوزیشن جماعتیں تاریخ کے بائیں ہاتھ پر کھڑی ہیں۔ ہم ہر سطح کے الیکشن میں شفافیت لانا چاہتے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو 4 حلقے نہیں کھولنا چاہتے تھے۔ ن لیگ کی20 پولنگ سٹیشن پر دوبارہ انتخابات کی ڈیمانڈ تھی جسے عمران خان نے فوری مطالبہ منظور کر لیا ہے۔