عراقی وزیر دفاع کی ملاقات:جنرل باجوہ نے دفاعی شعبوں میں مدد کی پیشکش کردی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے عراق کے وزیر دفاع جمعہ ایناد سعدون خطاب آل جبوری نے جمعرات کے روز جی ایچ میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دوران ملاقات باہمی دلچسبی کے امور، علاقائی سلامتی اور دفاع کے شعبہ میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا پاکستان، عراق کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف عراقی قوم نے جو قربانیاں دی ہیں انہیں تسلیم کرتا ہے۔ انہوں نے دفاع سے متعلق شعبوں میں انہیں ہر ممکن مدد اور تعاون کی پیشکش کی۔ طرفین نے علاقہ میں امن و استحکام کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ عراقی وزیر دفاع نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی مسلسل کاوشوں کو سراہا۔