وزیرصحت نے لیہ میں 88نئے صحت گھر بنانے کی منظوری دیدی
لاہور(نیوزرپورٹر) وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے ضلع لیہ میں 88 نئے صحت گھربنانے کی منظوری دے دی ہے۔صحت گھروں کے منصوبہ کی نگرانی سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی کریں گے۔ہر صحت گھر دس ہزارکی آبادی پرقائم کیاجارہاہے۔وزیر صحت نے یہ منظوری ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔اجلاس میں سیکرٹری صحت برسٹر نبیل اعوان،سیکرٹری جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی،ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹرآصف طفیل، میاں زاہدالرحمن باٹہ اور ایڈیشنل سیکرٹری جنوبی پنجاب ڈاکٹرشاہدلطیف نے شرکت کی۔سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی نے وزیر صحت کوجنوبی پنجاب میں صحت انصاف کارڈزکی تقسیم اور ضلع لیہ میں نئے صحت گھرکے منصوبہ کی تفصیلا ت پیش کیں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ لیہ کی عوام کو 88 نئے صحت گھروں کی شکل میں ایک بہترین تحفہ دے رہے ہیں۔