فیصل آباد‘ ساہیوال‘ کھڈیاں‘ بھکر میں آپریشن‘ کروڑوں کی زمین واگزار
فیصل آباد، ساہیوال، کھڈیاں، بھکر، جڑانوالہ (آن لائن+ علاقائی نمائندوں سے) قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ انتظامیہ فیصل آباد، ساہیوال، کھڈیاں خاص جڑانوالہ میں کروڑوں روپے مالیت کی مزید سرکاری اراضی واگزار کرا لی۔ فیصل آباد سے آن لان کے مطابق ضلع میں قبضہ مافیا سے گذشتہ روز مزید ساڑھے 11 کروڑ روپے مالیت کی 47۔ایکڑ 9 مرلے سرکاری اراضی واگزار کرا ئی گئی جبکہ 19 روز میں 1418، ایکڑ 5 کنال 15 مرلے سرکاری اراضی کرائی جا چکی ہے۔ جڑانوالہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ زین العابدین نے چک 570 گ ب میں 5 کروڑ روپے مالیت کی 200 کنال سرکاری اراضی واگزار کرا لی۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت، نامہ نگار کے مطابقمیٹرو پولٹین کارپوریشن اور محکمہ مال کی ایک ٹیم نے قبضہ مافیا کے خلاف جاری آپریشن میں محکمہ آبپاشی کی 9کنال کمرشل اراضی مالیت 21کروڑ 38لاکھ روپے مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے پیر عمران شاہ صدر علماء مشائخ ونگ پاکستان اور مسلم لیگ (ن) سٹی کے صدر آئی زیڈ بھٹی کے ڈیروں کو مسمار کر کے اراضی واگذار کرا لی۔ مزید دس کروڑ کی اراضی چھ بااثر افراد سے واگزار کرائی گئی۔ کھڈیاں خاص سے نامہ نگار کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر قصور کلیم یوسف نے کھڈیاں کے نزدیک 42 کنال زرعی زمین واگزار کروا لی۔ جس کی حالت ایک کروڑ10 لاکھ روپے ہے۔ بھکر سے نامہ نگار کے مطابق ضلع بھکر کی تحصیل منکیرہ میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کے دوران صوبائی حکومت کی ملکیت 236 کنال اراضی مالیت 10کروڑ 92 لاکھ 8 ہزار روپے واگزار کرا لی۔