• news

پاکستان بار کونسل کی کال پر اسلام آباد ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں وکلا کی ہڑتال

اسلام آباد(وقائع نگار)پاکستان بار کونسل کی کال پر اسلام آباد ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں وکلا کی ہڑتال رہی اورعدالتوں میں زیر سماعت کیسزوکلا کی عدم پیشی کے باعث سماعت ملتوی ،سیکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔تفصیلات کے مطابق اسلام آبادکچہری میں چیمبرزگرائے جانے،ہائیکورٹ چیف جسٹس بلاک پرحملہ اور توڑ پھوڑ میں وکلا کے خلاف مقدمات اور توہین عدالت کاروائی پر پاکستان بار کونسل کی کال پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے علاوہ جوڈیشل کمپلیکس اور ڈسٹرکٹ کورٹس میں وکلا نے ہڑتال کی اور عدالتوں میں پیش نہ ہوئے ،بارز عہدیداران اور ممبران عدالتوں کے باہر کھڑے رہے، جس سے زیر سماعت کیسز بغیر کاروائی ملتوی کردیے گئے اور سائلین کو مشکلات کا سامنا کرناپڑا،اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سہیل اکبر چودھری دیگر وکلا کے ہمراہ ہائیکورٹ کیداخلی دروازے پر موجودرہے اور وکلا کو عدالت میں پیش نہ ہونے کے لیے بار نمائندوں کی طرف سے وارننگ دی گئی،وکلا ہڑتال کے دوران کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے ہائیکورٹ، جوڈیشل کمپلیکس اور ڈسٹرکٹ کورٹس میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہی، رینجرز کے علاوہ اے ٹی ایف اور پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی اور آمد ورفت کرنے والوں کی چیکنگ کی جاتی رہی،ادھر سیکرٹری ہائیکورٹ بار سہیل اکبر چوہدری کاکہناہے کہ آج عدالت پیش ہونے والے وکلا اپنی ذمہ داری پر پیش ہوں،بار کونسل کی طرف سے واضح ہدایات ہیں کہ کوئی اگر پیش ہو تو ہمیں نام دیں، عدالت پیش ہونے والے وکلا کے لائسنس معطل اور منسوخ کرنے کے لیے بار کونسل کو نام بھجوائے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن