چینی صدر کا غربت کے خلاف جنگ میں مکمل فتح کا اعلان
بیجنگ (شنہوا) چینی صدر شی جن پنگ نے ملک سے مطلق غربت کے خاتمے کی کامیابی کو معجزہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے تاریخ میں یادرکھا جانا چاہئے۔ شی جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین بھی ہیں، نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو ملک سے غربت کے خاتمے میں کامیابی اور غربت سے نمٹنے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو ایوارڈز دینے کیلئے بیجنگ میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شی نے اپنی تقریر میں تمام نسلی گروہوں کی مشترکہ کوششوں سے غربت کیخلاف جنگ میں مکمل فتح کا اعلان کیا۔ گزشتہ 8سالوں کے دوران چین نے موجودہ خط غربت سے نیچے 9کروڑ 89لاکھ 90ہزار دیہی غریب مکینوں کو غربت سے نکالا جن میں 832غریب کائونٹیز اور 1لاکھ 28ہزار غریب دیہاتوں کو غربت کی فہرست سے خارج کردیا گیا ہے۔ شی نے کہا کہ ہر لحاظ سے اعتدال پسند خوشحال معاشرے کے قیام کا مقصد حاصل کرنے میں دیہی علاقوں سے غربت کے خاتمے کا کلیدی حصہ ہے۔ شی نے کہا کہ چین نے اقوام متحدہ 2030 ایجنڈا برائے مستقل ترقی کے مطابق وقت سے 10سال پہلے ہی غربت ختم کرنے کا ہدف حاصل کرلیا ہے۔