• news

پاکستان اب بلیک لسٹ نہیں ہوسکتا: حماد اظہر، بھارت ناکام ہوگیا: شاہ محمود

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ)  حماد اظہر نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کو بھارت نے اپنے مذموم عزائم کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کی لیکن سب پر عیاں ہو چکا ہے کہ بھارت خود دہشت گردوں کی مالی معاونت میں ملوث ہے۔ پاکستانی اقدامات کے باعث پاکستان کو اب بلیک لسٹ میں نہیں ڈالا جاسکتا۔ وفاقی وزیر حماد اظہر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے پاکستان نے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ فیٹف کے 27 ایکشن پلان میں سے 24 مکمل کر لیے۔ کوشش ہے جون میں ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان کے 27 نکات مکمل کرلیں، 3 اہداف رہ گئے ہیں، وہ بھی جلد پورے کر لیں گے۔  حکومت ملی تو ٹاسک تھا پاکستان کو بلیک لسٹ ہونے سے بچایا جائے۔ فیٹف کی طرف سے دیئے گئے ٹاسک کو 90 فیصد مکمل کرلیا۔ وزیر  خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایف اے ٹی ایف سے متعلق بیان میں کہا کہ اللہ کے فضل سے بھارت کو ناکامی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل کرانے میں ناکام رہا ہے۔ پاکستان ٹیرر فنانسنگ اور منی لانڈرنگ کے خلاف سنجیدہ ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں 13 ممالک نے پاکستان کے اقدامات کو سراہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن