جیتے تو الیکشن شفاف ہارنے پر دھاندلی، اپوزیشن منافق: شبلی فراز
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی سیاسی منافقت ہر گزرتے دن کے ساتھ عیاں ہو رہی ہے۔ بار بار موقف بدلنا اور اپنے ہی بیانیے کی نفی کرنا اپوزیشن کی پہچان بن گیا ہے۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں شبلی فراز نے کہا کہ کل تک الیکشن کمشن کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کرنے والے آج اس ادارے کے حامی بن گئے ہیں۔ "چِت بھی میری ، پٹ بھی میری، انٹا میرے باپ کا"۔ اپوزیشن کیلئے وہی فیصلے قابلِ قبول ہیں جو ان کی منشا کے مطابق ہوں۔ الیکشن جیتے تو شفاف اور منصفانہ، ہار گئے تو دھاندلی کا واویلا۔ انہوں نے کہا کہ ثابت ہوا کہ عمران خان کے دور میں الیکشن کمشن آزاد، خودمختار اور فعال ہے۔