• news

عراقی وزیر دفاع کی جنرل ندیم سے ملاقات، دفاعی تعاون پر گفتگو

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ ‘نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے عراقی وزیر دفاع جمعہ ایناد سیدون نے ملاقات کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ سکیورٹی، دفاعی تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق عراقی وزیر دفاع نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ عراقی وزیر نے شاہ محمود سے بھی ملاقات کی۔  وزارت خارجہ میں ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے مابین گہرے دو طرفہ برادرانہ مراسم ہیں، پاکستان انہیں مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ پاکستان، عراق کی علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ وزیر خارجہ نے پاکستان اور عراق کے مابین مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں سکیورٹی اور استحکام کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ عراق کے وزیر دفاع نے خطہ میں امن اور استحکام کیلئے پاکستانی کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی سے عراقی وزیر دفاع جمعہ عماد سعدون کی قیادت میں دفاعی وفد نے ملاقات کی۔ ایوان صدر کے مطابق ملاقات میں مشترکہ مفادات کے تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا عزم کیا گیا۔ صدر نے کہا کہ پاکستان عراق کیساتھ تجارت، معیشت اور دفاع کے شعبوں میں تعلقات مستحکم کرنا چاہتا ہے۔ صدر نے پاکستان کے دفاعی تربیتی اداروں کی عراقی فوجی اہلکاروں کو تربیت کی پیش کش کی۔ صدر نے کہا کہ پاکستان اور عراق کو بین الاقوامی سطح پر ایک دوسرے کا ساتھ دینے کی ضرورت ہے۔ عراقی وزیر دفاع نے کہا کہ ہم پاکستان کیساتھ معاشی اور سیاسی تعلقات بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو سراہا۔ 

ای پیپر-دی نیشن