• news

فیصل آباد‘ منکیرہ‘ ملتان  میں کروڑوں کی مزید  اراضی پر قبضے ختم 

فیصل آباد‘ سرگودھا‘ ملتان (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی+ اے پی پی) ضلعی انتظامیہ فیصل آباد نے قبضہ مافیا کے خلاف جاری آپریشن میں تین ہفتوں کے دوران 1439 ایکڑ 7 کنال 8 مرلہ سرکاری اراضی واگزار کرا لی۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ  نے کھرڑیانوالہ میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کرکے ساڑھے پندرہ کروڑ روپے مالیت کی 103 ایکڑ سرکاری اراضی قابضین سے واگزار کر لی۔بھاری مشینری سے پختہ و عارضی تعمیرات کو مسمار کرایا گیا۔ جس پر قبضہ گروپ نے عرصہ دس سال سے فش فارم قائم کر رکھا  تھا۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی  آپریشن کی نگرانی کیلئے چک 65 رب میں موقع پر پہنچ گئے۔ بھاری مشینری سے پختہ و عارضی تعمیرات کو مسمار کرایا گیا۔ سرگودھا سے نمائندہ خصوصی کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن سرگودھا نے ریجن کی تحصیل منکیرہ میں 236 کنال زرعی اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کروا کر سرکار کی تحویل میں لے لی۔ زرعی اراضی مالیت 10 کروڑ 92 لاکھ 8 ہزار ایک سو روپے ہے۔ ملتان سے اے پی پی کے مطابق جلالپور پیر والہ میں 2100 کنال زرخیز زرعی زمین واگزار کرا لی گئی سرکاری ریٹ کے مطابق زمین کی مالیت  ایک ارب 44 کروڑ 37 لاکھ روپے بنتی ہے یہ آپریشن چک 83 ایم میں کیا گیا۔ پنجاب حکومت کی اراضی پر قابضین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن