• news

گوادر کو مکمل فنکشنل کرنے میں دشواریاں 25 مارچ تک اچھی خبر ملے گی: علی زیدی

فیصل آباد (آن لائن) وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ علی حیدر زیدی نے  کہا ہے کہ  گوادر کو مکمل طور پر فنکشنل کرنے میں بعض دشواریاں ہیں تاہم اس حوالے سے 25مارچ تک اچھی خبر ملے گی۔ بیرونی قرضوں میں ڈوبا ہوا پاکستان ہمیں ملا تھا۔ ہم نے اپنے اڑھائی سالہ مختصر عرصے اربوں بیرونی ڈالر واپس کئے ہیں، وزیراعظم جس محنت اور لگن سے ملک کو خوشحالی کی طرف لے کر جا رہے ہیں اس کے ثمرات بہت جلد عوام تک پہنچیں گے۔ نئی شپنگ پالیسی کے تحت پاکستان  کے صنعتکاروں کو جہاز اور اس سے متعلقہ صنعت کی ترقی کیلئے سٹیٹ بینک سے سستی لانگ ٹرم فنانسنگ فیسیلٹی بھی مل سکتی ہے۔ جبکہ پاکستان میں رجسٹرڈ جہازوں کو برتھنگ میں بھی ترجیح دی جائے گی۔ اس طرح 2030ء تک خریدے گئے جہاز کسٹم ڈیوٹی کے علاوہ انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس سے بھی مستثنیٰ ہوں گے۔ پاکستان کے سرمایہ کار اپنا جہاز خرید کے اس کی مینجمنٹ پاکستان نیشنل شپنگ کمپنی کو بھی دے سکتے ہیں تاہم اس کا بل ڈالر کی بجائے پاکستانی روپے میں ادا کیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نیشنل شپنگ کمپنی آئندہ جو بھی جہاز خریدے گی اس کا نام فیصل آباد رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار  فیصل آباد میں تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب  کرتے ہوئے کیا۔   جبکہ مرکزی کلاتھ بورڈ فیصل آباد کے صدر‘ چیف کوارڈی نیٹر انجمن تاجران سٹی الائیڈ گروپ الحاج نصیر یوسف وہرہ‘ انجمن تاجران پنجاب‘ انجمن تاجران سٹی الائیڈ گروپ کے جنرل سیکرٹری میاں تنویر ریاض نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ علی حیدر زیدی سے ملاقات  بھی کی۔

ای پیپر-دی نیشن