• news

پی ایس ایل:پولیس‘ رینجرز سکیورٹی کیلئے ان ایکشن ‘ہیلی کاپٹر سے فضائی نگرانی 

لاہور (نمائندہ سپورٹس)  ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد نے کہا ہے کہ غیر ملکی کرکٹ کھلاڑیوں جو کہ پی ایس ایل کے دوران سکیورٹی انتظاما ت سے مطمئن ہیں کے اعتماد کو بحال کرنا ملکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے اور اس سلسلے میں انکی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔حساس مقامات پر ماہر نشانہ باز،سپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹس ٹیم کی سٹیڈیم کے اندر اور باہر اورسپیشل کمانڈ اینڈ کنٹرول بس کی تعیناتی سکیورٹی انتظامات کو سخت کرنے کیلئے اہم اقدامات ہیں۔ سکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے پولیس کیساتھ ساتھ سندھ رینجرز بھی سکیورٹی کیلئے روٹس اور ہوٹلوں پر تعینات ہے۔ رینجرز کی طرف سے کھلاڑیوں کی آمدورفت کے دوران ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی بھی جاری ہے۔ ڈی آئی جی سکیورٹی نے کھلاڑیوں کی نقل و حرکت کے دوران امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کیلئے رینجرزکے ہیلی کاپٹرمیں از خود فضائی معائنہ بھی کیا۔ سپیشل سکیورٹی یونٹ کی جانب سے حال ہی میں متعارف کی گئی 'سکیٹنگ فورس'جوکہ محکمہ پولیس میں ملک کی پہلی سکیٹنگ فورس ہے کو شائقین کو سہولت فراہم کرنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی صورت میں فوری ریسپانس کیلئے نیشنل سٹیڈیم کے اطراف تعینات کیا گیا ہے۔ نیشنل سٹیڈیم آنے والے تماشائیوں کوٹریک سوٹ میں ملبوس ایس ایس یو کے کمانڈوز اور لیڈی کمانڈوز پارکنگ پوائنٹس سے انکلوژرز تک پوری طرح رہنمائی اور مدد فراہم کرتے ہیں۔ تماشائیوں کو خصوصی شٹل بس سروس کے ذریعہ پارکنگ پوائنٹس سے سٹیڈیم اور سٹیڈیم سے پارکنگ پوائنٹس تک پہنچایا جاتا ہے۔ تماشائی سٹیڈیم میں داخل ہونے سے پہلے واک تھرو گیٹس اور تلاشی کے عمل سے گزرتے ہیں۔نیشنل سٹیڈیم آنے والے شائقین کیلئے درج ذیل پارکنگ پوائنٹس مختص کئے گئے ہیں۔ مجموعی طورپر کر اچی پولیس کے 5000سے زائد اہلکارسکیورٹی فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن