• news

للکارا تو جواب27 فروری جیسا، ائر چیف: دفاع کیلئے تیار: ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ ہم امن سے رہنا چاہتے ہیں لیکن اگر ہماری خود مختاری کو چیلنج کیا گیا تو ہمارا جواب اسی طرح تیز رفتار اور بھرپور ہو گا جس طرح کا جواب ہم نے 27 فروری 2019 کو دیا تھا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ گذشتہ روز آپریشن سوفٹ ریٹارٹ کی دوسری سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونیوالی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ایئرچیف نے کہا کہ پاک فضائیہ نے اپنے آپریشنز تیاری کو برقرار رکھتے ہوئے کووڈ 19 کے باوجود جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ ایئرچیف نے کہا کہ پاکستان کو ہائیبرڈ وار سمیت کئی طرح کے چیلنجز کا سامنا ہے جو اس بات کا تقاضا کر رہے ہیں کہ ہمیں ہر وقت چوکس رہنا ہو گا۔ پاک فضائیہ کی کوشش ہے کہ وہ اپنی جنگی صلاحیت میں اضافہ کرے اور تمام شعبوں میں فضائیہ کو جدید بنانے کیلئے کوششیں ہو رہی ہیں اور ان کوششوں میں ملکی وسائل سے بھی استفادہ کیا جا رہا ہے۔ تقریب میں پاک فضائیہ کے سابق سربراہ سمیت سینئر افسران نے شرکت کی۔ ایف سولہ، جے ایف 17 اور ایف سیون طیاروں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ علاوہ ازیں پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں اور امن کے لیے کھڑا ہے، لیکن پاکستان کو درپیش ہر چیلنج کا بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈی جی میجر جنرل بابر افتخار نے 27 فروری 2019 کے دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج قومی حمایت کے ساتھ ہر خطرے سے مادر وطن کا ہمیشہ دفاع کرتی رہیں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ 27 فروری 2019 اس بات کا عکاس ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، کسی قوم کو عددی برتری سے نہیں قوم کے حوصلے اور عزم سے کامیابی ملتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن