• news

ضلع کچہری میں کھانے سے روکنے پر حراستی ملزموں‘ پولیس اہلکاروں میں مکوں کا تبادلہ 

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) ضلع کچہری میں کھانا کھانے سے روکنے پر حراستی ملزمان اور پولیس اہلکاروں میں تلخ کلامی ہوئی۔ جس کے بعد فریقین کے درمیان مکوں اور گھونسوں کا تبادلہ ہوا۔ ملزمان جیل سے کچہری پیشی پر آئے تھے۔ ملزم شاہد اور دیگر نے اہلکاروں کو گالیاں دیں اور دھکے دئیے۔ ہتھکڑی سمیت اہلکاروں کو ادھر ادھر کھینچتے رہے، بخشی خانہ کے اہلکاروں نے ملزمان پر رائفل تان کر گولی مارنے کی دھمکی دے کر قابو پایا۔ ملزمان اہلکاروں کو کھینچ کر جوڈیشل مجسٹریٹ بلال منیر وڑائچ کی عدالت میں لے گئے۔ ملزمان نے موقف اپنایا کہ فیملی کی خواتین کھانا لائیں، اہلکاروں نے بدتمیزی کی اور کھانا نہیں کھانے دیا۔ ہم نے آواز اٹھائی تو ہم پر رائفل تان لی گئی۔ ملزمان نے الزام لگایا کچہری میں ملاقات کی اہلکار رشوت لیتے ہیں۔ رشوت لے کر کھانا کھانے کی اجازت دی جاتی ہے۔ اہلکار ملزمان کا آدھا کھانا بھی کھا جاتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن