دینی مدارس خود کو تنہا نہ سمجھیں جے یو آئی ان کی محافظ ہے: فضل الرحمان
مانسہرہ (آئی این پی) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی امیراورپی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام دینی مدارس کی محافظ ہے دینی مدارس اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں جمعیت علماء اسلام ان کی پشت پر ہے دینی مدارس کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا دینی مدارس امت مسلمہ کی ترجمانی کر رہے ہیں مغربی قوتوں دینی مدارس کو ختم کرنے پر تلی ہوئی ہیں آج دینی مدارس نااہل حکمرانوں کے نشانے پر ہیں دینی مدارس کا دفاع ہر حال میں کریں گے، دینی مدارس کو کسی کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خطیب اسلام مولانا سید شاہ عبد العزیز اور ان کی اہلیہ کی تعزیت کے سلسلے میں جامعہ عربیہ سراج العلوم ٹھاکرہ مانسہرہ آمد پر کیا ، جہاں انہوں نے طلبہ کو بخاری شریف کا درس بھی دیا اور یادگار اسلاف شیخ الحدیث حضرت مولانا سید غلام نبی شاہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جامعہ عربیہ سراج العلوم کا پاکستان کی عظیم درسگاہوں میں شمار ہوتا ہے جو دین کی سربلندی کیلئے اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے شیخ الحدیث مولانا سید غلام نبی شاہ کو دیکھ کر اپنے اسلاف کی یاد تازہ ہو جاتی ہے۔