پی ڈی ایم کے سینٹ امیدوار اسٹیبلشمنٹ کی غیر جانبداری تسلیم کر رہے: گورنر
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا یوسف رضا گیلانی بھی مان رہے ہیں اسٹیبلشمنٹ غیرجانبدار ہے۔ پی ڈی ایم کے سینٹ کے دیگر امیدوار بھی اسٹیبلشمنٹ کی غیر جانبداری تسلیم کر رہے ہیں۔ پاک افواج کسی ایک جماعت کی نہیں 22کروڑ پاکستانیوں کی فوج ہے۔ لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مفادات کیلئے کسی کو بھی اداروں کو سیاست میں نہیں گھسیٹنا چاہیے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ یورپ میں چالیس سال سیاست کی۔ جب بھی کسی ملک کو تباہ کیا گیا سب سے پہلے اس کی فوج کو کمزور کیا گیا۔ اداروں کو مضبوط کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین افواج موجود ہے۔ ہم اداروں کے 100فیصد غیر سیاسی ہونے پر یقین رکھتے ہیں۔ پاکستان کے اداروں کی مضبوطی سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا۔