عراق : ھکومت مخالف مظاہرے میں سکیورٹی فورسز سے جھڑپیں ، 5 ہلاک ،175 زخمی
بغداد(اے پی پی)عراق کے جنوبی شہر ناصریہ میں مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں 5مظاہرین ہلاک اور 175 سے زیادہ افراد زخمی ہوگئے۔برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق عراق کے ہائی کمیشن برائے انسانی حقوق کے ممبر علی بیاتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گزشتہ روز سکیورٹی فورسز نے صوبائی حکومت کی عمارت پر حملہ کرنے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5افراد ہلاک جبکہ 175 زخمی ہوگئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مظاہرین 2019 میں ہونے والے ایک مظاہرے کے دوران قتل عام پر گورنر کی برطرفی اور انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ عراق میں اکتوبر 2019 میں شروع ہونے والے مظاہرے میں لگ بھگ 500 افراد ہلاک ہوئے تھے جس پر وزیر اعظم عادل عبد المہدی کو استعفیٰ دینا پڑا تھا ۔