حکومت مدت پوری کرے گی، سازشی عناصر روتے رہیں گے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ افسوس کا مقام ہے کہ اپوزیشن ملکی مفادات کے مخالف ایجنڈے پر چل رہی ہے۔ پی ڈی ایم کو ملکی ترقی عزیز نہیں بلکہ ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے۔ معیشت درست ٹریک پر آچکی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کے سفر کے لئے ٹیک آف کرچکا ہے۔ کروناکے باوجودکاروباری سرگرمیاں میں تیزی آرہی ہے۔ عوام ترقی وخوشحالی چاہتے ہیں، افراتفری نہیں۔ اپوزیشن عناصر انتشار پھیلا کر ترقی کو روکنے کے درپے ہیں۔ پاکستانی عوام کسی کو ترقی کے سفر میں رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایک بیان میں کہا کہ ملک کی ترقی کو روکنے کی ہر کوشش ناکام رہے گی۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کو 5 برس کا مینڈیٹ ملا ہے۔ حکومت مدت پوری کرے گی، سازشی عناصر پہلے کی طرح روتے رہیں گے۔ اڑھائی برس میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بے شمار اقدامات کئے ہیں۔ قومی وسائل کے غلط استعمال کی روایت کو ختم کردیا ہے۔ عوام کا پیسہ عوام کی امانت ہے۔ ہماری سمت درست اور نیت نیک ہے۔ مسترد شدہ عناصر جتنا مرضی پراپیگنڈا کرتے رہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے بڑھتا جائے گا۔ تبدیلی کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو دور کریں گے۔ آج ایک طرف شفاف اور ایماندار قیادت ہے اور دوسری طرف عبرت کی تصویر بنے سابق حکمران۔ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں۔