• news

پی ڈی ایم احتجاج آگے لے جائے،حفیظ شیخ کو متحدہ بھی ووٹ دیگی: شیخ رشید

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سینٹ الیکشن میں پی ٹی آئی جیتے گی۔ کل سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ آنا ہے۔ حفیظ شیخ اسلام آباد کی نشست پر کامیاب ہونگے۔ یوسف رضا گیلانی نے زرداری کی کرپشن بچانے کیلئے قربانی دی۔ سول ملٹری تعلقات کی بہتری کا فائدہ ملک کو ہوتا ہے۔ افواج پاکستان اور سول حکومت ملکر ملک کو آگے لیکر جائیں گے۔ ساری دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔ بیالیس ملکوں کی نیول ایکسرسائز پاکستان کی کامیابی ہے۔ ایف اے ٹی ایف کے 24 نکات کلیئر ہوگئے،  باقی تین بھی اسی سال کلیئر ہوجائیں گے۔ بھارت سے بات چیت کیلئے تیار ہیں لیکن کشمیر کو پس پشت ڈال کر کوئی بھی بات چیت ملک و قوم اور کشمیریوں سے غداری ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد کی سینٹ نشست کیلئے خواہ مخواہ دھول اڑائی جارہی ہے۔ عمران خان ہی تحریک انصاف ہیں۔ ان سے غداری کرنے والے کیلئے کہیں کوئی جگہ نہیں۔ ملکی خزانے کو اس بیدردی سے لوٹا گیا کہ مہنگائی قابو میں نہیں آرہی تھی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سری لنکا کے دورے میں وزیراعظم عمران خان نے امریکہ اور چین کے تعلقات میں بہتری کیلئے کردار کی پیشکش کی۔  پاکستان گرے لسٹ کے معاملے سے نکل آئے گا۔ یہ پاکستان کی کامیابی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے فوجی کمانڈرز کی کئی سال کے بعد بات چیت ہوئی ہے۔ ہم بھارت سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں لیکن آرٹیکل 5 اے اور 370 واپس لیا جائے اور کشمیر کی پرانی حثیت کو بحال کیا جائے۔ کشمیر کو پس پشت ڈال کر کوئی بات چیت ملک، قوم اور کشمیریوں سے غداری ہوگی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے ویزا کا اجرا آن لائن کردیا ہے۔ تینوں ایجنسیوں کو ایک ماہ میں رپورٹ دینا ہوگی۔ ایف آئی اے سے کالی بھیڑوں کو نکالا جائے گا۔ اچھے افسروں کو لایا جائے گا۔ عمران خان سینیٹ الیکشن جیتیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کی رہائی عدالتی فیصلہ ہے۔ اس سے فرق نہیں پڑتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پڑھے لکھے لوگوں کی جماعت ہے۔ وہ عمران خان کے اتحادی ہیں۔ مجھے امید ہے وہ حفیظ شیخ کو ہی ووٹ دیں گے۔  دہشتگردی کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ میں کسی کو ڈرا نہیں رہا لیکن اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی ہائی الرٹ ہے۔ 23 مارچ کی پریڈ ہے اسکے بعد فوجی دستے واپس جائیں گے۔ اس لیے پی ڈی ایم سے کہتا ہوں دو چار دن اجتماع کو آگے لے جائے۔ جب تک قانون کی خلاف ورزی نہیں کریں گے ہم رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔ لیکن اپوزیشن ہمیں اپنا پروگرام بتائے تاکہ ہم انکے لیے انتظامات کرسکیں۔ بہارہ کہو میں واقعہ اور احتجاج سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک دو روز میں نامزد ملزم پکڑ لیے جائیں گے۔ وزیر داخلہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ کل سپریم کورٹ کا فیصلہ سچائی اور حقیقت پر مبنی ہوگا اور ایک دو سیٹوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ پنجاب میں سارا ٹھیک ہوگیا ہے، باقی جگہ بھی ٹھیک ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں تین کے سوا تمام پولیس ناکے ختم کردیے۔  چیکنگ اور گشت کیلئے موٹر سائیکل سواروں پر مشتمل ایگل سکواڈ اور جدید ٹیکنالوجی والی گاڑیاں لارہے ہیں۔ اسلام آباد میں 370 گارڈنز ہیں، انہیں ٹھیک کریں گے۔ شہری افطاریاں گارڈنز میں کریں۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپوزیشن پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایجنسیوں کے بارے میںمنفی باتیں کرتے ہیں۔ سول حکومت اور فوج کے اچھے تعلقات سے ملک کو فائدہ پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کی بھی حکومت ہو لیکن فوج کے ساتھ اچھے تعلقات سے ملک ترقی کرے گا۔ آئی جی کو ہدایت کر رہا ہوں کہ بارہ کہو واقعے میں ملزم کو جلد گرفتار کرے۔

ای پیپر-دی نیشن