نیلم جہلم ہائیڈروپاور کمپنی نے پاور ہاؤس کے پیداواری یونٹس کی مرمت کردی
لاہور(نیوزرپورٹر)این ٹی ڈی سی کی ترسیلی لائنوں کی مرمت کے دوران ہی نیلم جہلم ہائیڈروپاور کمپنی کی جانب سے پاور ہاؤس میں بجلی کے پیداواری یونٹس کی مرمت کردی گئی۔ ڈیم سائیٹ پر واٹر ریگولیشن سے متعلق الیکٹریکل اور مکینیکل آلات کی سالانہ مرمت کا کام بھی مکمل ہوگیاہے۔جس سے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ سے بجلی کی پیدا وار دوبارہ شروع ہو گی اور پلانٹ کو نیشنل گرڈ سے منسلک کر دیا گیا ہے ۔ یاد رہے کہ نیشنل پاور کنٹرول سنٹر نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کو 525 کلو وولٹ روات نوکر ترسیلی لائن کی مرمت کیلئے نیلم جہلم ہائیڈروپاور پلانٹ کی 18 فروری سے بندش کی اجازت دی تھی ۔ این پی سی سی کی جانب سے پلانٹ کی بندش کی اجازت پانی کے کم بہاؤ سیزن کے دوران دی گئی تھی تاکہ بجلی کی پیداوار کا کم سے کم نقصان ہو۔ این ٹی ڈی سی نے ترسیلی لائنوں جبکہ واپڈا نے پاور ہائوس کی سالانہ مرمت کا کام مقررہ مدت میں مکمل کر لیا، جس کے بعد نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ کو گزشتہ رات آپریشنل کر دیا گیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ سے اپریل2018 ء میں بجلی کی پیداوار کا آغاز ہوا تھا اوریہ اب تک نیشنل گرڈ کو ساڑھے گیارہ ارب یونٹ پن بجلی مہیا کر چکا ہے۔