پاکستان ہمارے خلاف درپردہ جنگ میں مصروف: بھارتی آرمی چیف کا الزام
نئی دہلی (کے پی آئی) ملک کی سالمیت اور یکجہتی پر کوئی سمجھوتہ نہ کئے جانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے گیدڑ بھبکی دیتے ہوئے دعوی کیا کہ پاکستان بھارت کے خلاف در پردہ جنگ میں مصروف ہے۔ بالا کوٹ فضائی حملہ پاکستان کو ایک واضح پیغام تھا کہ سرحد کے اس پار جنگجویت کے ڈھانچے کو محفوظ ٹھکانوں کے طور استعمال نہیں کیا جاسکتا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سنیٹر فار ائر پاور سٹڈیز میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ اگر ہم اپنے سپرد کردہ کاموں کے لئے تیار رہنا چاہتے ہیں، تو پھر یہ ضروری ہے کہ ہم زمین، ہوا اور سمندر میں ہر وقت قابل اعتبار احتیاط برقرار رکھیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پاکستان بھارت کے خلاف در پردہ جنگ میں مصروف ہے اور پاکستان کو شکست دینے کیلئے ہمارے سکیورٹی فورسز کو محض کچھ دنوں کا وقت درکار ہے۔ بھارت کی سالمیت اور خود مختاری کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔ بھارت کسی ایک ملک کو الگ تھلگ کرنے کی کوشش نہیں کر رہا ہے لیکن جو بھی دہشت گردی کے خلاف سخت قدم اٹھائے گا وہ اس ملک کا استقبال کریں گے۔ انسانیت خطرے میں ہے اور اس کو بچانے کے لئے ان تمام ممالک کو ایک ساتھ آنے کی ضرورت ہے جو انسانیت میں یقین رکھتے ہیں۔ بھارتی فوجی سربراہ جنرل ایم ایم نروانے نے بھی الزام عائد کیا کہ کرگل جنگ، اوڑی اور پلوامہ حملوں نے واضح کیا کہ پاکستان بھارت کے خلاف در پردہ جنگ میں مصروف عمل ہے تاہم کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیںہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرکار کشمیر میں امن چاہتی ہے اور اس کیلئے کئی پروگراموں پر کام کیا جارہا ہے۔ بھارت اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ اگرچہ بہتر تعلقات چاہتا ہے لیکن اس کے بدلے وہ ملک کی سالمیت کے ساتھ کوئی سمجھوتہ کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔