• news

یکم مئی تک تمام ٖغیر ملکی افواج افغانستان سے چلی جائیں : افغان طالبان 

کابل+ جلال آباد (نیٹ نیوز) افغانستان کے صوبے کابل اور ننگرہار میں دھماکوں میں 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ مقامی عہدیداروں اور پولیس نے دھماکوں اور ہلاکتوں کی تصدیق کی کہ گزشتہ روز کابل اور ننگرہار صوبوں میں ہونے والے دھماکوں میں دو افراد ہلاک اور تین مزید زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ کابل کے ضلع بگرامی میں ایک گاڑی کو نشانہ بنانے والے ایک دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔ادھر صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ ننگرہار کے ضلع جلال آباد میں ممبر صوبائی کونسل عبد القہار قادر کی گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا گیا۔ مقامی حکام کے مطابق دھماکے میں ایک شہری زخمی ہوا۔افغان طالبان نے ملک سے تمام غیر ملکی افواج کے طے شدہ ڈیل کے تحت مستقل انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق طالبان نے امریکا کے ساتھ امن ڈیل پر گزشتہ برس انتیس فروری کو دستخط کیے تھے۔ اس مناسبت سے افغان طالبان نے اتوار کوایک بیان جاری کیا، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ دوحہ معاہدے میں طے شدہ تاریخ یکم مئی تک تمام غیر ملکی افواج افغانستان سے چلی جائیں۔ طالبان نے اپنے مزید ساتھیوں کی رہائی اور عسکریت پسندوں کے نام بلیک لسٹ سے خارج کیے جانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ ابھی تک اس بیان پر امریکا یا افغان حکومت کا کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔

ای پیپر-دی نیشن