کاہنہ‘ فیصل آباد‘ چناب نگر میں آپریشن‘ کروڑوں کے قبضے ختم
لاہور‘ چناب نگر‘ فیصل آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ آن لائن) قبضہ گروپوں کیخلاف انتظامیہ کی کارروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ رورز کاہنہ میں کروڑوں، چناب نگر کے نواح میں پچاس لاکھ کی اراضی واگزار کرا لی گئی۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق لاہور پولیس نے قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی میں کاہنہ کے علاقہ سدھڑ میں سرکاری زمینیں ہتھیانے والے قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی 58 کنال سے زائد سرکاری زمین واگزار کروا لی ہے۔ سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ لاہور پولیس بدمعاشوں اور قبضہ گروپوں کو نکیل ڈالے ہوئے ہے۔ زمینیں ہتھیانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ چناب نگر نمائندہ خصوصی کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر لالیاں فضل عباس نے تحصیل لالیاں چناب نگر کے علاقہ موضع برج بابل میں پچاس لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 28 کنال 16 مرلے سرکاری اراضی واگزار کرا لی جس پر کچھ لوگوں نے قبضہ کر رکھا تھا۔ فیصل آباد سے آن لائن کے مطابق ڈپٹی کمشنر محمد علی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری نے مدینہ ٹاؤن میں قبضہ مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے قابضین سے پچاس کروڑ روپے مالیت کی 29 مرلہ قیمتی سرکاری اراضی واگزار کروا لی اور غیر قانونی عمارتوں کو مسمار کر دیا گیا۔