ڈی اے پی کی قیمت میں اضافہ‘ بوری 5215 روپے کی ہو گئی
خانیوال (خبرنگار) ڈی اے پی کی قیمت میں اضافہ قیمت 5215 روپے ہوگئی۔ تفصیل کے مطابق انٹرنیشنل مارکیٹ میں فاسفورس کھادوں کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد ڈی اے پی 370 ڈالر سے بڑھتے ہوئے اب 465 ڈالر فی میڑک ٹن ہوگئی ہے اور اس کے اوپر جانے کے مبینہ طور پر مزید امکانات ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر پاکستان میں بھی کھاد بنانے والے اداروں نے ڈی اے پی کی قیمت میں 150روپے کے اضافہ کے ساتھ فی بوری کی قیمت 5215 روپے کردی ہے ۔ ڈی اے پی کھاد کی موجودہ قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر انویسٹ کرنیوالے ڈیلروں نے بھی ایڈوانس بکنگ بند کردی ہے اور کاشتکار کے لئے بھی ڈی اے پی کھاد اب پہنچ سے دور ہوچکی ہے جبکہ یوریا کھاد کی قیمتوں میں بھی اضافہ کا قوی امکان ہے جس کی بڑی وجہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں یوریا کھاد کی بڑھتی ہوئی قیمتیں بتائی جاتی ہیں۔