منشا بم کے بیٹوں کی پلاٹ پر قبضہ کی کوشش ناکام‘ مقدمہ درج
لاہور (نامہ نگار) پولیس نے اوورسیز پاکستانی شہری جمیل سے بھتہ مانگنے اور پلاٹ پر قبضے کی کوشش پر منشاء بم اور اس کے بیٹوں پر مقدمہ درج کرکے قبضے کی کوشش ناکام بنا دی ہے جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ منشا بم کے بیٹوں طارق منشاء اور فیصل کی جانب سے اوورسیز شہری سے 20 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا گیا۔ بھتہ نہ دینے پر ملزمان نے جمیل کے پلاٹ پر قبضہ کی کوشش کی، دیواریں مسمار کر دیں۔ کمرے سے قیمتی سامان بھی چوری کرکے لے گئے ۔ اوورسیز پاکستانی شہری نے سی سی پی او لاہور کی ہدایت پر منعقدہ کھلی کچہری میں قبضہ گروپ کی نشاندہی کرتے ہوئے دادرسی کی اپیل کی تھی۔ سی سی پی او لاہور کی ہدایت پر منشاء بم کے بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج لیا گیا ہے جبکہ شہری جمیل کو پلاٹ کا فوری قبضہ واپس دلوا دیا گیا ہے۔