پرویز الٰہی کی کوششوں کے باعث پنجاب میں بلامقابلہ سینٹ انتخاب ممکن ہوا: کامل آغا
لاہور (نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے نومنتخب سینیٹر کامل علی آغا سے پارٹی کے سینئر نائب صدر چودھری سلیم بریار نے ملاقات کی۔ جس میں سیاسی صورتحال اور ملکی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سلیم بریار نے کامل علی آغا کو سینیٹر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ کامل علی آغا نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ کی کاوشوں کی بدولت پنجاب میں بلامقابلہ سینٹ انتخاب ممکن ہوا۔ (ق) لیگ کی قیادت نے افہام و تفہیم کی فضا پیدا کی جس سے بلامقابلہ انتخاب کا ہدف حاصل کرکے ممکنہ ہارس ٹریڈنگ کا راستہ روکا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح سینٹ کے فلور پر پارٹی کے نمائندے کی حیثیت سے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔ چودھری سلیم بربار نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہیٰ کی سینٹ کے حوالے سے کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ (ق) لیگ نے ہمیشہ عوام اور ملکی مفاد کی سیاست کی ہے اور ہر فورم پر عوامی ایشوزکو بھرپور انداز سے اٹھایا ہے۔