• news

(ن) لیگ میں نئی لیگ شروع ہونے جا رہی ہے: فردوس عاشق

لاہور، سیالکوٹ (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی +صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ این اے 75 کے ضمنی الیکشن میں مخالفین نے عوام کو گمراہ کیا اور الیکشن کو متنازعہ بنایا۔ شفاف الیکشن کو یقینی بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے سیالکوٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  گیارہ جماعتیں، نسل در نسل، قبضہ مافیا اور منشیات فروش عمران خان کے مخالف کھڑے ہیں لیکن عمران خان کرپشن کے بت کو پاش پاش کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ بے بنیاد پروپیگنڈا کے ذریعے الیکشن کو متنازعہ بنایا گیا۔ الیکشن کمیشن کے فیصلہ کو چیلنج کرنا ہمارا آئینی حق ہے۔ ڈسکہ کے عوام کا مقدمہ سپریم کورٹ میں اس لئے لے جارہے ہیں کہ آنے والے الیکشن میں جس امیدوار کا رزلٹ لیٹ آیا کہے گا الیکشن دوبارہ کروایا جائے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے کیلئے سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ حکومت پنجاب ٹورازم کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار ہر ضلع کیلئے ترقیاتی پیکج دینے جارہے ہیں۔ سیالکوٹ  رنگ روڈ کے منصوبے کی منظوری کابینہ نے دے دی۔ جبکہ سیالکوٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام عمل میں لانے کا مقصد منصوبہ بندی سے شہر کو نئی ترقی دینا ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے منصوبے بنائے جائیں گے۔ ن لیگ کے اندر نئی لیگ شروع ہونے جارہی ہے۔ حمزہ اور مریم کے درمیان کھینچا تانی کا آغاز ہوچکا ہے۔ لاہور سے صباح نیوز کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کرپشن کیسز میں ضمانت پر بھنگڑے لمحہ فکریہ ہیں۔  ٹوئٹر پر جاری  بیان میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ غنڈہ گردی اور کرپشن کے بے تاج بادشاہ اپنے سیاہ کرتوتوں کا جواب دینے کی بجائے لاہور کی سڑکوں پر آہ و بکا کرتے رہے۔

ای پیپر-دی نیشن